Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چودھری پرویز الٰہی ایک مقدمے سے بری تو دوسرے میں پھر گرفتار

سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو لاہور کی اینٹی کرپشن کورٹ نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے کیس میں بری کیا تو رہا ہوتے ہی دوسرے مقدمے میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
جمعے کو لاہور کی اینٹی کرپشن کورٹ میں سماعت کے دوران پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ  ’تمام منصوبوں سے متعلق دستاویزات موجود ہیں‘ جس پر عدالت نے واضح کیا کہ دلائل سننے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔‘
ڈی جی اینٹی کرپشن کورٹ نے موقف اپنایا کہ ’گجرات میں سڑک کی تعمیر کی 20 ستمبر 2022ء کو منظوری دی گئی۔ مجموعی طور پر 268 ملین روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ 35 ملین روپے کی بوگس ادائیگیاں بھی کی گئیں۔‘
اینٹی کرپشن حکام نے عدالت سے چودھری پرویز الٰہی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ تمام منصوبوں سے متعلق فنڈز مختص کرنے سے لے کر جاری کرنے تک کی تمام دستاویزات موجود ہیں۔ کاغذات فرضی اور بوگس تیار کرنے کا الزام لگایا ہے تو ایک بھی بوگس کاغذات عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔‘
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے چودھری پرویز الٰہی کو مقدمے سے بری قرار دیتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی اگر کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کر دیا جائے۔‘
ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ ’چودھری پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں انہوں نے ترقیاتی کام کروائے جس میں ان پر دس فیصد کمیشن کا مقدمہ تھا۔‘
انہوں نے موقف اپنایا کہ ’کُل پانچ مقدمات تھے جن میں سے ایک میں سابق وزیراعلٰی پنجاب  بری ہوگئے ہیں۔ جس مقدمے میں اُنہیں رہا کیا گیا ہے اس کے خلاف بھی اپیل کر رہے ہیں۔‘
گوجرنوالہ کے دونوں مقدمات میں چوہدری پرویز الٰہی نے عبوری ضمانت لے رکھی تھی تاہم ضمانت منسوخ ہوتے ہی اُنہیں آج  گرفتار کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو جلد گجرانوالہ منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو  اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے جمعرات کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق چودھری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن پنجاب کو بدعنوانی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ 

شیئر: