کینیڈین کمپنی زارا ایئرویز کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان
کینیڈین کمپنی زارا ایئرویز کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان
ہفتہ 3 جون 2023 18:01
کینیڈین کمپنی زارا ایئرویز نے کینیڈا سے پاکستان کے لیے براہ راست دو پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
سابق ایم ڈی پی آئی اے اور زارا ایئرویز کے مشیر اعجاز ہارون کا کہنا ہے کہ ’جلد ہی کینیڈا سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کے لیے فلائٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافر جلد مناسب کرائے پر براہ راست فلائٹ میں سفر کرسکیں گے۔‘
اتوار کو کراچی میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز ہارون کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اس وقت ایک ڈائریکٹ روٹ صرف پی آئی اے کے پاس ہے جبکہ اس روٹ پر سفر کرنے والوں کی تعداد ان فلائٹس کی گنجائش سے کئی گنا زیادہ ہے۔
’اس ضمن میں کینیڈین حکومت سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ جلد ہی یہ آپریشن شروع ہو جائے گا۔ اس وقت کینیڈا کی کوئی ایئرلائن براہ راست پاکستان کے لیے پرواز آپریٹ نہیں کر رہی۔ یہ روٹ خالی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اسے زارا ایئرویز پُر کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سے کینیڈا سفر کرنے والے مسافر دیگر ممالک کی کنیکٹنگ فلائٹس سے سفر کر رہے ہیں جہاں انہیں زیادہ کرایہ دینے کے ساتھ ساتھ کئی کئی گھنٹے اضافی سفر اور طویل انتظار جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
’امید ہے کہ پاکستان سے جلد ہی انہیں مثبت جواب ملے گا کیونکہ تمام دستاویزی کارروائی کینیڈا سے کی جا چکی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان کینیڈا سے آئی درخواست کا موثر جواب دے گی اور آئندہ چند ماہ کے دوران یہ پروازیں پاکستان میں آپریٹ ہوتی نظر آئیں گی۔‘
زارا ایئرویز پاکستانی شہری کی ملکیت
اعجاز ہارون کے مطابق زارا ایئرویز کینیڈین رجسٹرڈ کمپنی ہے، اور کینیڈا کے ایوی ایشن کے قواعد و ضوابط کے تحت کام کر رہی ہے۔ اس کے مالک ایک پاکستانی شخصیت ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اپنے ملک کے روٹ پر براہ ارست پروازیں چلائی جائیں تاکہ بزنس کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کی خدمت بھی کی جا سکے۔
کتنے طیاروں سے آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے؟
سابق ایم ڈی پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ہم کتنے طیاروں کے ساتھ آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں کیونکہ اس کا انحصار پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر ہے کہ وہ کتنی سلاٹس ہمیں دیتے ہیں۔
’پہلے مرحلے میں ہماری پلاننگ دو بوئنگ 777 طیاروں سے آپریشن شروع کرنے کی ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو آنے والے دنوں میں جہازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروازیں پاکستان کے تین بڑے شہر کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے چلائی جائیں گی۔