امارات اور کویت بھی تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کٹوتی جاری رکھیں گے
سعودی عرب نے جولائی میں یومیہ مزید 10 لاکھ بیرل کمی کا بھی اعلان کیا ہے( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ’ وہ 2024 کے آخر تک رضا کارانہ طور پر یومیہ ایک لاکھ 44 ہزار بیرل تیل کم نکالنے کا سلسلہ جاری رکھے گا‘۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات کا کہنا ہے کہ رضاکارانہ کٹوتی کا فیصلہ چار جون 2023 کو اوپیک پلس اجلاس میں طے کردہ تیل پیداوار کے کوٹے کے مطابق ہے‘۔
امارات کے وزیر توانائی سھل المزروعی کا کہنا ہے کہ ’تیل پیداوار میں کمی 2024 کے ماہ دسمبر تک جاری رہے گی‘۔
کویت کے وزیر پٹرولیم مناف الھاجری کا کہنا ہے کہ ’کویت 2024 کے دسمبر تک یومیہ ایک لاکھ 28 ہزار بیرل تیل کی پیداوار میں کمی کا سلسلہ رضاکارانہ طور پر جاری رکھے گا‘۔
اس سے قبل سعودی عرب نے تیل کی پیدا وار میں یومیہ پانچ لاکھ بیرل رضاکارانہ کٹوتی کو دسمبر 2024 کے آخر تک توسیع دینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت توانائی کے عہدیدار نے اتوار کو بیان میں کہا تھا کہ’ سعودی عرب احتیاطی تدبیر کے طور پر 2024 کے ماہ دسمبر کے آخر تک یومیہ پانچ لاکھ بیرل تیل رضاکارانہ طور پر کم نکالے گا‘۔
سعودی وزارت توانائی نے جولائی کے لیے رضاکارانہ طور پر یومیہ مزید 10 لاکھ بیرل کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔