فیملی کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش، سعودی شہری کو 20 سال قید اور جرمانے کی سزا
95 کلو گرام حشیش اور 4047 نشہ آور ممنوعہ گولیاں برآمد ہوئی ہیں( فوٹو: العربیہ)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ’ اپنی فیملی کو منشیات کی فروخت کےلیے استعمال کرنے پر مقامی شہری کو عدالت نے 20 سال قید اور ایک لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’ سعودی شہری سے نشہ آور اشیا رکھنے کے الزام میں پوچھ گچھ کی گئی تھی‘۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس کے پاس 95 کلو گرام حشیش اور4047 نشہ آور ممنوعہ گولیاں موجود ہیں۔
’مقامی شہری نشہ آورگولیاں اپنی بیوی کی گاڑی کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائے ہوئے تھا اور انہیں جدہ سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا کہ ’پوچھ گچھ کے دوران بھی سامنے آئی کہ مقامی شہری نشہ آور اشیا کی ترسیل میں اپنی فیملی کو استعمال کررہا تھا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ مقامی شہری گاڑی میں نشہ آور اشیا رکھ کر فیملی کے ساتھ سفر کرتا تھا تاکہ سیکیورٹی اہلکاروں کو دھوکہ دے سکے کہ وہ عمرے کے لیے سفر کررہا ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ’مقامی شہری کو پوچھ گچھ مکمل ہونے پر خصوصی کورٹ کے حوالے کیا گیا۔ الزام ثابت ہوجانے پر قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی‘۔