مدینہ کے لیے پروازیں ختم، 46 ہزار پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے: ترجمان مذہبی امور
ترجمان کے مطابق مدینہ منورہ میں 16 ہزار عازمین موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
بدھ کو ترجمان مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مکہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مدینہ میں 16 ہزار عازمین موجود ہیں۔
پاکستان سے مدینہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے اور 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ اتریں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کہ حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمین کو مدینہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی۔
دوسری طرف پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کی آمد شروع ہو چکی ہے اور تین ہزار سے زائد عازمین مکہ پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے اور نجی حج سکیم کی دو شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔
حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری
ترجمان مذہبی امور کے مطابق مکہ اور مدینہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔