کاجول کا سوشل میڈیا سے بریک لینے کا فیصلہ، کیا یہ پبلسٹی سٹنٹ ہے؟
جمعہ 9 جون 2023 16:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کاجل کی آخری فلم ’سلام وینکی‘ تھی۔ (فوٹو: یوٹیوب)
بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ کاجول نے سوشل میڈیا سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کاجل نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا سے بریک لے رہی ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنی زندگی کے سب سے مشکل ٹرائل سے گزر رہی ہوں۔‘
اگر اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو دیکھا جائے تو انہوں نے وہاں اپنی پچھلی تمام پوسٹوں کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
اس پوسٹ کے علاوہ انہوں نے جمعے کو ایک اور پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنی نئی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کا پوسٹر شیئر کیا۔
اس سے یہ گمان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی ’سمرن‘ اپنی اس ویب سیریز کی تشہیر انسٹاگرام کے ذریعے کر رہی ہیں۔
’دی ٹرائل‘ کاجول کی نئی ویب سیریز ہے جو کورٹ رُوم (عدالت) پر مبنی ہے۔
اس کے پوسٹر میں اداکارہ کو ایک وکیل کے رُوپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ریلیز ہونے والی اس سیریز کے بارے میں پلیٹ فارم نے اپنی پوسٹ پر لکھا کہ ’جتنا مشکل ٹرائل ہوتا ہے، اتنے ہی زبردست طریقے سے آپ کم بیک کرتے ہو۔‘
’دی ٹرائل‘ کا ٹریلر 12 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔
اس سے قبل کاجل بڑے پردے پر گزشتہ برس فلم ’سلام وینکی‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم میں بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بھی سپیشل کیمیو کیا تھا۔