اداکار ٹائیگر شروف کی والدہ عائشہ شروف کے ساتھ 58 لاکھ روپے کا دھوکہ
انڈین میڈیا کے مطابق ملزم نے 11 ٹورنامنٹس کروانے کے لیے کافی زیادہ پیسے لیے (فوٹو: کوئی موئی)
بالی وُڈ کے اداکار ٹائیگر شروف کی والدہ اور جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ شروف کے ساتھ 58 لاکھ انڈین روپے کا دھوکہ ہو گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عائشہ شروف، جو کہ سابق فلم پروڈیوسر ہیں، نے ممبئی کے سانتا کُروز پولیس سٹیشن میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کروایا ہے۔
اس مقدمہ میں انہوں نے ملزم ایلن فرنینڈس کو نامزد کیا ہے، جن پر دفعہ 420، 408، 465، 467 اور 468 درج کی گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق 20 نومبر 2018 کو ایلن فرنینڈس کو ایم ایم اے میٹرکس کمپنی کا ڈائریکٹر آف آپریشنز تعینات کیا گیا تھا۔ یہ ایم ایم میٹریکس جِم ٹائیگر شروف اور اُن کی والدہ عائشہ شروف کا ہے۔ اِس جم میں ہونے والی تمام سرگرمیاں عائشہ اور ایلن دیکھتے تھے کیونکہ ٹائیگر شروف فلموں میں کام کے باعث مصروف رہتے ہیں۔
خبروں کے مطابق ملزم نے کمپنی کے ذریعے انڈیا اور انڈیا سے باہر 11 ٹورنامنٹس کروانے کے لیے کافی زیادہ پیسے لیے۔
دسمبر 2018 سے جنوری 2023 تک ملزم نے مجموعی طور پر 58 لاکھ 53 ہزار روپے کمپنی کے بینک کے بجائے اپنے ذاتی اکاؤںٹ میں جمع کروائے۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ عائشہ شروف نے کسی پر مقدمہ درج کروایا ہو۔
انہوں نے اس سے قبل 2015 میں اداکار ساحل خان پر دھوکہ دہی اور مجرمانہ طور پر دھکمانے کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کروایا تھا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ ساحل خان نے اُن کے 4 کروڑ روپے کے واجبات ادا نہیں کیے۔