نیا سعودی وزٹ ویزا، ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی اور لے پالک بیٹی سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب کی اہم خبریں
نیا سعودی وزٹ ویزا، ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی اور لے پالک بیٹی سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب کی اہم خبریں
اتوار 11 جون 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے لے پالک بیٹی کے گریجویشن پر معمر والد کے آبدیدہ ہونے، ریاض ایئر کے طیارے کے منفرد ڈیزائن، کارکنان کی رہائش کو خفیہ رکھنے کی سازش، 40 سال نہ سونے والے سعودی شہری اور خود کار طریقے سے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے حوالے سے خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
گریجویشن تقریب جب لے پالک بیٹی روتے ہوئے معمر والد کے گلے لگی، جذباتی وڈیو وائرل
سعودی عرب کے عسیر ریجن میں کنگ خالد یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران ’لے پالک بیٹی‘ کے ساتھ معمرسعودی شہری کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
گریجویشن تقریب میں لے پالک بیٹی روتے ہوئے اپنے معمر والد کے گلے لگی تو اس جذباتی منظر نے سب کو متاثر کیا۔
ریاض ایئر کے طیارے کو بوئنگ ایئر پلینز پورٹ لینڈ میں تیار کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ریاض ایئر/ٹوئٹر)
ریاض ایئر کے بوئنگ 787 طیارے کا منفرد ڈیزائن اور پہلا ٹیک آف
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر کے منفرد ڈیزائن کے حامل بوئنگ 787 طیارے کے پہلے ٹیک آف کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
العربیہ کے مطابق ریاض میں قائم ایوی ایشن میڈیا کمپنی ایوی ایشن ورلڈ گروپ نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر ریاض ایئر کے بوئنگ 787 طیاروں میں سے ایک کے ٹیک آف کا وڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
ریاض ایئر کے طیارے کو بوئنگ ایئر پلینز پورٹ لینڈ میں تیار کیا گیا ہے۔ اسے پہلے ٹیک آف کے لیے ہینگر سے اہتمام کے ساتھ باہر لایا گیا۔
پکڑے گئے غیر ملکی کارکنان کو متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔ (فوٹو: وزارت تجارت)
کارکنان کی رہائش کو خفیہ رکھنے کےلیے’ ریفریجریٹر کا دروازہ‘
سعودی عرب کے درالحکومت ریاض میں وزارت تجارت نے تفتیشی مہم کے دوران کارکنوں کی غیر رہائش کا پتہ لگایا ہے جس میں داخلے کا راستہ ایک ریفریجریٹر کے دروازے سے تھا۔
غیر قانونی گودام میں رہائش کو خفیہ رکھنے کے لیے حیران کن طریقہ اختیار کیا گیا۔ ریفریجریٹر کے دروازے کو داخلے کا راستہ بنا رکھا تھا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بے خوابی کی وجہ ڈپریشن ہے۔ (فوٹو: العربیہ)
سعودی شہری جو ’40 سال سے‘ نہیں سویا
معمر سعودی شہری سعود بن محمد الغامدی بےخوابی کے مرض میں مبتلا ہیں۔ چالیس برس سے وہ سو نہیں سکے اور وہ نیند کا لطف اُٹھانے سے محروم ہے۔
العربیہ کے مطابق ایم بی سی چینل کے پروگرام ’فی اسبوع‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سعود بن محمد الغامدی نے بتایا کہ ’بے خوابی کا عارضہ سے تقریبا چالیس برس سے ہے۔ علاج کے لیے ہسپتالوں سے رجوع کیا اور دم کرنے والے شیوخ سے بھی رابطے کیے‘۔
امن عامہ کے ڈائریکٹر نے گذشتہ ہفتے خود کار نگرانی سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
خود کار سسٹم کے تحت سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی نگرانی
سعودی عرب میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خو دکار سسٹم کے تحت سات خلاف ورزیوں کی نگرانی کا آغاز آج اتوار سے کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے گزشتہ ہفتے عوامی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی کے نظام کا افتتاح کیا تھا۔
عاجل نیوز کے مطابق جن سات خلاف ورزیوں کو خود کار چالان سسٹم میں فیڈ کیا گیا ہے ان میں ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کومخصوص ٹریک کے علاوہ عام ٹریک پر چلانا بھی شامل ہے۔
انویسٹر وزیٹر ویزا سعودی دفتر خارجہ کے نیشنل ویزا پورٹل کے ذریعے جاری کرایا جا سکے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کا نیا وزٹ ویزا ’انویسٹر وزٹر‘ جاری
سعودی وزارت خارجہ نے وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے نیا ویزا متعارف کرایا ہے جسے ’مستشمر زائر‘ (انویسٹر وزیٹر) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ بزنس ویزا ہوگا آن لائن جاری کرایا جاسکے گا۔
اخبار 24 کے مطابق بزنس ویزے کے اجرا کا مقصد سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقفیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انویسٹر وزیٹر ویزا سعودی دفتر خارجہ کے نیشنل ویزا پورٹل کے ذریعے جاری کرایا جا سکے گا۔