Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب سے سمیرہ کو گود لیا ہمارا گھر خوشیوں سے نہال رہا‘

 وڈیو وائرل ہونے پر سمیرہ اور اس کے والد نے چینل کو انٹرویو دیا ہے ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے عسیر ریجن میں کنگ خالد یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران لے پالک بیٹی کی روتے ہوئے معمر والد سے گلے لگنے کے جذباتی منظر کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد  سمیرہ اور اس کے والد نے سعودی چینل کو انٹرویو دیا ہے۔
گریجویشن تقریب میں لے پالک بیٹی روتے ہوئے اپنے معمر والد کے گلے لگی تو اس جذباتی منظر نے سب کو متاثر کیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی شہری سلطان القحطانی نے ’صباح العربیہ‘ کو بتایا کہ’ سمیرہ کو ڈگری ملنے پر میری خوشی بیان سے باہر ہے۔ پہلے  یہ سوچ کر ہی  زاروقطار رونے لگا تھا کہ سمیرہ تقریب تقسیم اسناد میں اکیلی ہو گی۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم سب خوشی کے اس لمحے میں اس کے ساتھ رہے‘۔ 
سلطان القحطانی نے کہا کہ ’جب سے سمیرہ کو گود لیا تھا تب سے ہمارا گھر خوشیوں سے نہال رہا۔ وہ میری دیگر اولاد جیسی  ہے۔ گھر میں سمیرہ کی موجودگی مجھے 20 برس تک سکون و اطمینان اورخوشی دیتی رہی‘۔ 
اس موقع پرسمیرہ نے کہا کہ ’اس نے پوری فیملی کی خوشی سمیٹی۔ گھر کا ہر فرد اسے ہمیشہ پیار دیتا رہا‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی شہری سلطان ابوراس نے گریجویشن تقریب کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’سمیرہ میری لے پالک بیٹی ہے اسے میں نے 2001 میں سراۃ عبیدہ کمشنری کے ہسپتال  سے گود لیا تھا۔ اسے اس کی والدہ کسی وجہ سے چھوڑ کر چلی گئی تھی‘۔
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ’میں نے سمیرہ کو اپنی بیٹی کے طور پر پالا اوراس کی تعلیم اور شادی تک کے تمام امور بحثیت والد کے انجام دیے‘۔

شیئر: