Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوشبودار ’حساوی پھل‘ جو بہت سی بیماریوں کا علاج بھی ہے

موسم سرما کے آخرمیں اس کی کاشت ہوتی ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب کے علاقے الاحسا کے کاشتکاروں نے کہا ہے کہ ’ہمارے یہاں سینکڑوں سال سے معروف ’حساوی پھل‘ اب نایاب ہونے لگا ہے‘۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق مشرقی سعودی عرب کی کمشنری الاحسا کے باشندے سینکڑوں سال سے نایاب نسل کے ’حساوی پھل‘ کی کاشت کررہے ہیں۔ آباؤ اجداد اس کی کاشت کا طریقہ کار نئی نسل کو ورثے میں منتقل کرتے رہے ہیں۔ 
الاحسا کا ’حساوی پھل‘ اپنے منفرد ذائقے اورخوشبو کے حوالے سے معروف ہے۔ قدیم زمانے میں یہاں کے لوگ ’حساوی پھل‘ کو بہت ساری بیماریوں کا علاج بھی بتاتے تھے۔ 

حالیہ برسوں کے دوران ’حساوی پھل‘ کی کاشت محدود ہوگئی ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

ماہرینِ زراعت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران ’حساوی پھل‘ کی کاشت محدود ہوگئی ہے۔ خطرہ ہے کہ خاص نسل کا یہ پھل معدوم ہوجائے گا، جبکہ اس کی پیداوار میں ڈیڑھ ماہ سے زیادہ کا وقت نہیں لگتا۔ 
’حساوی پھل‘ کی کاشت الاحسا میں خاص مقامات پر ہوتی ہے۔ موسم سرما کے آخر اور معتدل آب و ہوا کے ماحول میں اس کی کاشت ہوتی  ہے۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’البطیخ الحساوی‘ (حساوی پھل) کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ پانی کی قلت اور مٹی میں نمکیات کا بڑھ جانا ہے‘۔ 
’البطیخ الحساوی‘ (حساوی پھل) کا موسم تین ہفتے سے ایک ماہ تک رہتا ہے ۔ موسم گرما کے آغاز میں اس کی پیداوار آنے لگتی ہے اور یہ کافی مہنگا ہوتا ہے‘۔ 

’حساوی پھل‘ ریفریجریٹر میں رکھنے کے باوجود جلد خراب ہوجاتا ہے۔  (فوٹو العربیہ نیٹ)

اہل الاحسا بڑے فخر کے ساتھ مہمانوں کی تواضح اپنے یہاں کاشت ہونے والے اس ’البطیخ الحساوی‘ (حساوی پھل) سے کرتے ہیں۔ ’حساوی پھل‘ ریفریجریٹر میں رکھنے کے باوجود جلد ہی خراب ہوجاتا ہے۔ 
تغذیہ کی ماہر نورہ محمد نے کہا کہ ’البطیخ الحساوی‘ (حساوی پھل) بلڈ پریشر کم کرنے میں معاون بنتا ہے یہ دل اور شریانوں کے امراض سے بچاتا ہے۔ اس میں پانی بڑی مقدار میں ہوتا ہے‘۔

حساوی پھل گردے کی پتھری کو توڑنے میں بھی معاون ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

نورہ محمد نے بتایا کہ ’حساوی پھل گردے کی پتھری کو توڑنے میں بھی معاون ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار کے باعث خون میں یورک ایسڈ کی سطح کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ حاملہ خواتین کے لیے یہ بے حد مفید ہے اور قبض کشا ہے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’البطیخ الحساوی‘ (حساوی پھل) جھریاں کم کرنے اور مہاسوں سے چھٹکارا دلاتا ہے‘۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: