رواں برس انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ ممکنہ طور پر 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ چھ اکتوبر کو کوالیفائی کرنے والی ٹیم کے ساتھ حیدر آباد دکن میں کھیلے گا۔
اسی طرح انڈیا میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
مزید پڑھیں
-
ایڈی گلبرٹ، نسل پرستی جن کا کیریئر اور زندگی کھا گئیNode ID: 771476
-
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شکست، سابق کھلاڑی انڈین ٹیم پر برس پڑےNode ID: 771876
ورلڈ کپ کا آغاز پانچ اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ کے شیڈول کا ڈرافٹ آئی سی سی سے شیئر کر دیا ہے جس کے بعد اسے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے بورڈز کو بھجوایا جائے گا جب کہ حتمی شیڈول اگلے ہفتے کے آغاز میں جاری کیا جائے گا۔
ڈرافٹ شیڈول میں ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل کے وینیوز کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔
کرک انفو کو ملنے والی معلومات کے مطابق انڈیا اپنے ورلڈ کپ کے میچ نو مختلف شہروں میں کھیلے گا۔
Blockbuster release date: 15th October
https://t.co/MJYt8fWdy4 pic.twitter.com/zMAMe97jce— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) June 12, 2023
اگر ڈرافٹ شیڈول میں انڈیا کے میچز کو دیکھا جائے تو میزبان ٹیم آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد انڈیا کا افغانستان سے نئی دہلی میں 11 اکتوبر کو مقابلہ ہو گا۔
انڈیا اپنا تیسرا میچ روایتی حریف پاکستان کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گا۔ اسی طرح انڈیا کا چوتھا میچ 19 اکتوبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہو گا۔
2011 کی عالمی چیمپیئن ٹیم اپنا پانچواں میچ 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے گی جبکہ اس کا چھٹا میچ 29 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف لکھنؤ میں ہو گا۔
اسی طرح دو نومبر کو انڈین ٹیم کوالیفائر ٹیم کے خلاف اپنا ساتواں میچ ممبئی میں کھیلے گی جبکہ اس کا آٹھواں میچ پانچ نومبر کو کولکتہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔
انڈٰین ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 11 نومبر کو بنگلور میں کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔
دوسری جانب پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے میچ حیدر آباد دکن، کولکتہ، چنئی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے گا۔
