عازمین حج کے رہائشی مراکز میں فائرسیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ
مکہ میں مختلف ممالک کے عازمین حج کی بڑی تعداد مقیم ہے ( فوٹو: عاجل)
سعودی شہری دفاع کی مختلف ٹیمیں مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے رہائشی مراکز کا دورہ کررہی ہیں تاکہ وہاں فراہم کیے جانے والے فائرسیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔
عاجل نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں اس وقت مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
شہری دفاع کی جانب سے عازمین کی عمارتوں میں آگ لگنے کے حوالے سے مقررہ انتظامات کا وقتا فوقتا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ عمارتوں میں فراہم کردہ فائرسیکیورٹی سسٹم درست طورپرکام کررہا ہے۔
علاوہ ازیں عازمین کی عمارتوں میں مالکان کی جانب سے مزید کون سے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
شہری دفاع میں سلامتی وحفاظت کے شعبے کی جانب سے بھی عازمین حج کی رہائشی عمارتوں میں موجود لفٹوں اوربرقی زینوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے شہری دفاع کی جانب سےعازمین کی رہائشی عمارتوں میں فائرفائٹنگ سسٹم کے علاوہ آگ بجھانے والے کارآمد سیلنڈرز اوردیگر حفاظتی انتظامات مکمل کرنا ضروری ہیں ایسا نہ کرنے کی صورت میں عمارت مالکان پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
ایسی عمارتیں جہاں مقررہ ضوابط پورے نہ کیے گئے ہوں انہیں رہائشی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جاتا۔