عازمین حج کی رہنمائی کےلیے پاکستانی خواتین گائیڈ بھی تعینات
عازمین حج کی رہنمائی کےلیے پاکستانی خواتین گائیڈ بھی تعینات
جمعہ 16 جون 2023 21:24
عازمین کی رہنمائی کےلیے 50 سے زائد گائیڈز تعینات ہیں(فوٹو: فیس بک وزارت مذہبی امور)
پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے تحت عازمین حج کی رہنمائی کےلیے خواتین گائیڈ بھی تعینات ہیں۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے باہر خواتین گائیڈ نماز جمعے کے بعد اپنے فرائض غیر معمولی لگن اور جانفشانی سے ادا کررہی ہیں۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق سیزنل ڈیوٹی سٹاف کی ٹیمیں ایک حکمت عملی کے تحت مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے باہر پاکستانی عازمین کی رہنمائی کےلیے تعینات ہیں۔
پاکستانی گائیڈز مسجد الحرام سے عازمین کو ان کی رہائش تک پہنچانے میں مدد کررہے ہیں۔ ان کے مقرر کردہ بس سٹاپ اور رہائشی سیکٹر تک پہنچانے میں معاونت کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام کے اطراف پاکستانی عازمین کی رہنمائی کےلیے 50 سے زائد گائیڈز تعینات کیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام کے سات دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے گائیڈ عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کو چوبیس گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔
رہائشی سیکٹرز سے پاکستانی عازمین کو اس 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں۔ حج سے قبل عازمینِ حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی۔
مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کےلیے انتظامی لحاظ سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس سٹاپس بنائے گئے ہیں۔