گرمی سے بچاو، سعودی ہیلتھ کونسل کے عازمین حج کو مشورے
ہیلتھ کونسل کا کہنا ہے ’ بلا وجہ دھوپ میں نہ رہیں کوشش کریں‘ فوٹو:عاجل)
سعودی ہیلتھ کونسل نے عازمین حج کوہدایت کی ہے کہ’ موسم گرما کے پیش نظرڈھیلے ڈھالے کاٹن کے لباس استعمال کریں اورزیادہ دیربلا وجہ دھوپ میں نہ رہیں‘۔
عاجل نیوز کے مطابق دنیا بھر سے آئے ہوئےعازمین حج کی بڑی تعداد اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہے۔
عازمین کی صحت وسلامتی کویقینی بنانے کے لیے سعودی ہیلتھ کونسل کی جانب سے مختلف مشورے دیے جاتے ہیں۔
گرم موسم کے پیش نظرکونسل کا کہنا ہے کہ ’ان دنوں مملکت میں موسم شدید گرم ہے جس کے پیش نظرعازمین کو چاہئے کہ وہ خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘۔
سعودی ہیلتھ کونسل کا کہنا ہے کہ’ بلا وجہ دھوپ میں نہ رہیں کوشش کریں۔ پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی پیدا نہ ہو‘۔
عازمین حج کو مشورہ دیا گیا کہ’ وہ دھوپ کی تمازت اورشعاعوں سے محفوظ رہنے کے لیے ’سن بلاک‘ کا استعمال کریں۔ کسی دوسرے کی ذاتی استعمال کی اشیا قطعی طورپراستعمال نہ کی جائیں۔
قبل ازیں ہیلتھ کونسل کی جانب سے امراض قلب میں مبتلا عازمین حج کو ہدایت کی گئی تھی کہ ’وہ اپنے معالج کی جانب سے ملنے والی ہدایات پرمکمل طور پرعمل کریں اوراپنی دوائیں ساتھ رکھیں‘۔
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے عازمین حج کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا گیا کہ ’ازحام والے مقامات پرطبی ماسک کا استعمال لازمی طورپرکیا جائے‘۔
’ماسک کو مقررہ وقت تک استعمال کرنے کے بعد اسے کچرے کے ڈبے میں ڈالا جائے‘۔