کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس، ویمن فٹ بال ٹیم کی گول کیپر شمائلہ ستار گرفتار
شمائلہ ستار کا نام جیو فینسنگ کی حتمی فہرست میں آنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا (فوٹو: فیس بک/ شمائلہ ستار)
پنجاب پولیس نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں جیو فینسنگ کی حتمی فہرست میں نام آنے پر پاکستان کی فٹبال ٹیم کی گول کیپر شمائلہ ستار کو گرفتار کر لیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے اُردو نیوز کو شمائلہ ستار کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’شمائلہ ستار کا نام جیو فینسنگ کی حتمی فہرست میں آنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا ہے۔ شمائلہ ستار کو انویسٹی گیشن پولیس نے لاہور سے گرفتار کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ فٹبالر شمائلہ ستار کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ ’یہ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے تاہم کور کمانڈر کے باہر لگے کیمروں اورموبائل فوٹیجز کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘
پولیس کے مطابق ملزمہ شمائلہ ستار کو گرفتار کرنے کے بعد جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔