واشنگٹن میں میوزک فیسٹیول پر فائرنگ، دو افراد ہلاک اور تین زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کنسرٹ کی سٹیج سے متصل کیمپ گراؤنڈ میں ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک میوزک فیسٹیول میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سنیچر کی رات پیش آیا۔
گرانٹ کاؤنٹی پولیس کے شیرف نے کہا کہ انہیں رات ساڑھے آٹھ بجے سے قبل ایک چھوٹے شہر جارج کے قریب کیمپنگ ایریا میں فائرنگ کی اطلاع ملی۔
اس کے بعد پولیس نے ایک مشکوک شخص کا تعاقب کیا اور اسے گرفتار کر لیا۔ تاہم اس حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے اور نہ ہی زخمیوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کچھ بتایا گیا ہے۔
میوزک فیسٹیول کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ جارج ایمپی تھیٹر میں اتوار کو ہونے والا ایونٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کنسرٹ کی سٹیج سے متصل کیمپ گراؤنڈ میں ہوئی۔ کنسرٹ کے منتظمین اس جگہ کا نام ’اوور فلو کیمپنگ ایریا‘ بتایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تین زخمیوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔