یوکرین میں کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے شواہد ملے ہیں، نیویارک ٹائمز
یوکرین میں کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے شواہد ملے ہیں، نیویارک ٹائمز
اتوار 18 جون 2023 19:33
دھماکے کی وجہ کے بارے میں دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز
روس کے زیر کنٹرول یوکرین کے علاقے میں رواں ماہ 6 جون کو کاخوفکا ڈیم کی تباہی روس کی طرف سے کیے گئے دھماکے کے شواہد سے نتائج کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ شواہد بتاتے ہیں کہ جنوبی یوکرین میں کاخوفکا ڈیم روس نے دھماکہ خیز مواد سے اڑایا ہے۔
نیو یارک ٹائمز اخبار نے دھماکہ خیز مواد کے ماہرین اور انجینئرز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کو بتایا کہ 6 جون کو تباہ ہونے والے ڈیم کی تحقیقات میں ایسے شواہد ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ڈیم کے کنکریٹ بیس کی گزرگاہ میں دھماکہ خیز مواد بچھایا گیا۔
اخبار نے بتایا ہے کہ شواہد سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ علاقے پر کنٹرول رکھنے والے فریق روس کی طرف سے ڈیم کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی قانونی ماہرین کی ایک ٹیم بھی یوکرین میں ڈیم کی تباہی سے متعلق ہونے والی تحقیقات میں معاونت کر رہی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے جمعہ کو ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بہت زیادہ امکان ہے کہ علاقے میں ہونے والی یہ تباہی روسیوں کی طرف سے نصب کیے گئے دھماکہ خیز مواد کا نتیجہ ہے۔
روئٹرز نے دھماکے کی وجہ کے بارے میں کئے جانے والے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب انجینئرز کا حوالہ دیتے ہوئے نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ ڈیم سے پانی نکلنے کے بعد اس کی مکمل جانچ ہی تباہی کا باعث بننے والے واقعات کا تعین کر سکتی ہے۔