Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کا روس کے خلاف کامیاب جوابی حملے کا دعویٰ

یوکرینی صدر نے کہا کہ ’میں اس دن کے لیے اپنے فوجیوں کا شکر گزار ہوں‘ (فوٹو: روئٹرز)
یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے جنوب مشرق میں تین دیہاتوں کی جانب پیش قدمی کی ہے جو اس کی روس کے خلاف جوابی حملے کے ’پہلے نتائج میں کامیابی‘ کا اعلان ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کیئف کی فورسز نے غیر تصدیق شدہ ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن میں فوجیوں کو ڈونیٹسک کے علاقے کے گاؤں بلاہودتنے میں بمباری سے تباہ شدہ عمارت پر یوکرین کا جھنڈا لہراتے اور ملحقہ گاؤں نیسکوچنے میں اپنی یونٹ کے جھنڈے کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
یوکرین کے ملٹری سیکٹر کے ترجمان والیری شیرشین نے ٹیلی ویژن پر بتایا کہ ’ہم جوابی کارروائیوں کے پہلے نتائج دیکھ رہے ہیں۔‘
نائب وزیر دفاع حنا ملیار نے بعد میں کہا کہ یوکرین کی افواج نے جنوب میں گاؤں ماکاریوکا پر قبضہ کر لیا ہے اور جنوبی محاذ پر دو سمتوں میں 300 سے 1500 میٹر کے درمیان پیش قدمی کی ہے۔
ملیار نے ٹیلی گرام پر مزید بتایا کہ ’جہاں ہماری افواج دفاعی سمت میں ہیں وہاں کوئی پوزیشن نہیں کھوئی۔‘
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے جمعے کو کہا تھا کہ ’یوکرینی فوجی کو دھکیلا جا رہا ہے، اُنہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔‘
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے رات گئے ویڈیو خطاب میں اپنے فوجیوں کی تعریف کی تاہم ان مخصوص علاقوں کا کوئی حوالہ نہیں دیا جہاں جنگ کی اطلاع ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’یقیناً، میں اس دن کے لیے اپنے فوجیوں کا شکر گزار ہوں۔‘
ولادیمیر زیلنسکی نے سنیچر کو عندیہ دیا تھا کہ کیئف نے مشرق اور جنوب میں قبضہ کرنے کے لیے اپنے طویل انتظار کے بعد جوابی حملہ شروع کر دیا ہے۔
کیئف کے حکام نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کیے رکھی اور یوکرین کے باشندوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات ظاہر نہ کریں جس سے آپریشن پر سمجھوتہ ہو سکے۔
بلاہودتنے کی ویڈیو میں یوکرین کے فوجیوں کو ایک تباہ شدہ عمارت کے اندر دکھایا گیا ہے۔
ایک نامعلوم فوجی کو فیس بک پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں یہ کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’ہم دشمن کو اپنی آبائی سرزمین سے باہر نکال رہے ہیں۔ یوکرین جیتنے جا رہا ہے، یوکرین ہر چیز سے بالاتر ہے۔‘
روس نے رواں ہفتے کم از کم دو بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ویلیکا نووسیلکا کی قریبی بستی کے قریب حملوں کو پسپا کر دیا ہے۔

شیئر: