حج سکیورٹی فورسز کی تیاری پریڈ میں وزیر داخلہ کی شرکت
حج سکیورٹی فورسز کی تیاری پریڈ میں وزیر داخلہ کی شرکت
جمعرات 22 جون 2023 16:42
سیکیورٹی فورسز کے دستے نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے بدھ کو حج سکیورٹی فورسز کی امن حج کے حوالے سے تیاری پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد البسامی نے اس موقع پر بتایا ہے کہ حج سکیورٹی فورسز نے فوجی، عوامی اور نجی شعبوں کے تعاون سے ٹریفک معاملات اور سکیورٹی کے وسیع تنظیمی منصوبوں کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے لیے تمام راستوں سمیت مکہ مکرمہ، مقامات مقدسہ اور مدینہ منورہ میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
محمد البسامی نے مزید بتایا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کی خدمات، دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سمارٹ ایپلی کیشنز کے استعمال سمیت تمام سہولتیں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی گئی ہیں۔
اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے دستے نے حج کے دوران حفاظتی نقطہ نظر سے اپنی تیاری اور بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس سے ان کی اعلیٰ مہارت کا پتہ چلتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں