مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کے لیے خوراک کے 30 ملین پیکٹس کا انتظام
مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کے لیے خوراک کے 30 ملین پیکٹس کا انتظام
بدھ 21 جون 2023 5:14
تیاریاں ایس ایف ڈی اے کے ضوابط کے مطابق ہوں گی (فوٹو: عرب نیوز)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ ’289 کیٹرنگ کمپنیاں مشاعر مقدسہ (منٰی، مزدلفہ اورعرفات) میں 30 ملین خوراک پیکٹس فراہم کریں گی۔‘
اسامہ الزیتونی نے بتایا کہ ’یہ پیکٹس سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) کے ضوابط کے عین مطابق ہوں گے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں اشیائے خوردونوش کے ٹھیکے داروں کے سربراہ احمد الشریف نے کہا ہے کہ ’اس سال حج مقامات پر تقریباً 30 ملین خوراک کے پیکٹس کا ٹھیکہ لینے کے لیے کیٹرنگ کمپنیوں میں کانٹے کا مقابلہ تھا۔ ان میں سے 289 کمپنیاں ایس ایف ڈی اے کی شرائط پر پوری اتری ہیں۔‘
الشریف نے مزید بتایا کہ ’یہ کمپنیاں روزانہ تین وقت کا کھانا حجاج کو پیش کریں گی۔ جو 30 ملین خوراک پیکٹس پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ درمیان میں کھانے پینے کے لیے ہلکی پھلکی اشیا فراہم کی جائیں گی۔‘
احمد الشریف نے کہا کہ ’حجاج کو خوراک پیکٹس کے علاوہ جو پھلکی پھلکی اشیا فراہم کی جائیں گی ان میں جوس، لسی، پانی، تازہ پھل، ٹھنڈے اور گرم مشروبات شامل ہیں۔ اس کا اہتمام منٰی، مزدلفہ اورعرفات میں ہو گا۔‘
الشریف نے بتایا کہ ’حاجیوں کی مرضی کے مطابق مختلف خوراک کے مختلف پیکٹس تقسیم کیے جائیں گے۔‘
الشریف کا کہنا تھا کہ ’اس کے علاوہ ٹھیکے داروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیا مقررہ ضوابط کے مطابق پیش کریں اور اس حوالے سے تمام تر تیاریاں ایس ایف ڈی اے اور مکہ میونسپلٹی کی مقررہ شرائط کے مطابق ہوں۔‘
الشریف نے یہ بھی بتایا کہ ’کھانے پینے کی اشیا کی تیاری اور فراہمی تربیت یافتہ عملے کے ذریعے کی جائے گی۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں