Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطبہ حج کے ترجمہ کے لیے تیاریاں مکمل 

خطبہ ایپ کی مدد سے 20 زبانوں میں ترجمہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد نمرہ سے حج خطبہ براہ راست 20 زبانوں میں 300 ملین سے زیادہ لوگوں کو پیش کیا جائے گا اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ ’منارۃ الحرمین‘ پلیٹ فارم پر بھی براہ راست نشر ہوگا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ حالیہ  حج موسم کا اہم اور نمایاں ترین عمل ہوگا۔ خطبہ ’دنیا بھر کے لوگوں کے لیے رہنمائی‘ سلوگن کے تحت ہوگا۔ 
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ سعودی وژن  2030 کے مطابق ترقیاتی عمل میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ  انتظامیہ کے ماتحت ترجمہ جات کی ایجنسی کا معیار بلند ہو اور 300 ملین سے زیادہ افراد تک اسلام کی اعتدال پسندی کا پیغام پہنچایا جائے۔ 
انتظامیہ موبائل، انتظامیہ کی ویب سائٹ اور منارۃ الحرمین پلیٹ فارم کے ذریعے خطبہ ایپ کی مدد سے 20 زبانوں میں ترجمہ فراہم کررہی ہے۔ 
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ میدان عرفات سے حج خطبے کا ترجمہ دین اسلام کی تہذیبی روشن تصویر اجاگر کرنے، اسلامی اعتدال، میانہ روی اور اسلامی خوبیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ خطبہ حج دنیا بھر کے انسانوں تک پہنچانے کا ایک اور بڑا ہدف اسلام اور اس کے پیروں کاروں نیز حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کاوشوں کو دنیا بھر کی نظروں میں لانا ہے۔ 
یاد رہے کہ میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج خطبے کے ترجمے کا سلسلہ پانچ سال قبل  پانچ زبانوں میں  شروع کیا گیا تھا۔ ترجمہ دو ڈیجیٹل  پورٹلز اور پانچ ایف ایم نشریات کے ذریعے مہیا کیا جارہا تھا۔ آگے چل کر اس میں مزید چھ زبانوں اور ایک اور ایف ایم کا اضافہ کیا گیا۔ جس سے  ترجمہ سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد  16 ملین تک پہنچ گئی تھی۔ 

شیئر: