عازمین کی جانب سے ممنوعہ ادویات لانے میں کمی
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی آگاہی مہم کامیاب رہی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹرھشام الجضعی کا کہنا ہے کہ ممنوعہ ادویات کے حوالے آگاہی مہم کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ عازمین حج اورغیرملکی حج مشنز کی جانب سے ممنوعہ ادویات لائے جانے میں 50 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ڈاکٹرھشام نے ’العربیہ‘ ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے ادویات لانے کے بارے میں بیرونی حج مشنز کوہدایات جاری کی تھیں ان کی وجہ سے ممنوعہ ادویات لانے کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
بیرونی ممالک کے حج مشنز نے اتھارٹی جانب سے جاری ہدایات سے اپنے ممالک کے عازمین کو مطلع کیا جس کی وجہ سے ممنوعہ ادویات لانے کے واقعات میں 50 فیصد تک کمی ہوئی۔
ایس ایف ڈی اے کے سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں اشیائے خورونوش سے تعلق رکھنے والے اداروں کے 3 ہزار سے زائد کارکنوں کو تربیت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت وہ مقررہ معیار کی پابندی کررہے ہیں۔
واضح رہے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے مدینہ منورہ میں ایک ذیلی دفترقائم کیا ہے ہے تاکہ وہاں موجود عملہ تجارتی اداروں میں فروخت کی جانے والی اشیائے خورونوش اورادویات کی بہتر طورپرنگرانی کی جاسکے۔