حج سکیورٹی آپریشن شروع، مشاعر میں گاڑیوں کا داخلہ منع
جعلی پرمٹ کی شناخت کےلیے اہلکاروں کو جدید اسکینرز فراہم کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سکیورٹی اداروں کی جانب سے حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مشاعرمقدسہ (منی ، عرفات اورمزدلفہ) میں پرمٹ کے بغیرگاڑیوں کے داخلے پرپابندی پرعمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق قبل ازیں ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 5 ذوالحجہ بمطابق 23 جون سے مشاعر مقدسہ میں جانے والی گاڑیوں کےلیے پرمٹ لازمی ہوگا۔
پرمٹ کے بغیرکسی گاڑی کو مشاعرمقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس ضمن میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے مشاعر مقدسہ جانے والے تمام راستوں پرچوکیاں لگادی گئی ہیں تاکہ پرمٹ کے بغیرکوئی گاڑی وہاں نہ جاسکے۔
سکیورٹی چیک پوسٹ پر اہلکاروں کو مختلف شفٹوں میں ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس اورادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری ہونے والا مخصوص پرمٹ کا اسٹیکرگاڑی پرلگانا لازمی ہے ۔ جس گاڑی پراسٹیکرنہیں ہوگا اسے مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سکیورٹی اداروں کی ٹیموں نے چیک پوسٹ پرآنے والی گاڑیوں کے پرمٹ چیک کرنا شروع کردیئے ہیں ۔
دریں اثنا اخبار 24 کے مطابق ادارہ امن عامہ کے ترجمان میجرخالد الکریدیس کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ میں پرمٹ کے بغیرگاڑیوں کے داخلے پرعائد پابندی کا نفاذ کردیا گیا ہے ۔
میجرالکریدیس کا مزید کہنا تھا کہ 5 شعبوں سے تعلق رکھنے والے اداروں کو گاڑیاں لے جانے کے لیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں جن میں سرکاری ادارے ، مشاعر مقدسہ میں حجاج کوکیٹرنگ سروس ، دیگر خدمات فراہم کرنےوالی کمپنیاں ، پانی کے ٹینکرز کے علاوہ سیوریج کے لیے استعمال ہونے والے ٹینکرز کو مشاعر میں جانے کےلیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔
پرمٹ کے حوالے سے میجرالکریدیس کا مزید کہنا تھاکہ چیک پوسٹوں پراہلکاروں کو انتہائی حساس بارکوڈ اسکینرز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ پرمٹ کی جانچ کی جاسکے۔