حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 27 افراد کے خلاف فیصلے صادر
کمیٹیاں حج ایام میں 24 گھنٹے کام کرتی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ و امیگریشن ’جوازات‘ نے حج ضوابط کی خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر27 افراد کے خلاف فیصلے صادر کردیئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے محکمہ پاسپورٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر جن 27 افراد کے خلاف فیصلے صادر کیے گئے ہیں۔ ان پرالزام تھا کہ انہوں نے ایسے افراد کو حج کے لیے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ لے جانے کی کوشش کی تھی جن کے پاس حج پرمٹ نہیں تھا۔
ادارہ جوازات کی جانب سے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر انتظامی کمیٹیاں حج سیزن کے دوران تعینات کی جاتی ہیں۔ مذکورہ کمیٹیاں حج ایام کے دوران 24 گھنٹے کام کرتی ہیں جو کسی بھی خلاف ورزی پرفوری فیصلہ صادرکرتی ہیں۔
مذکورہ کمیٹیوں کی جانب سے جن 27 افراد کے خلاف جرمانے، قید اور ملک بدری کے فیصلے صادر کیے گئے ہیں۔
واضح رہے سعودی حکومت کے قانون کے مطابق حج کرنے والے سعودی شہری یا مقیم غیر ملکیوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ حج پرمٹ حاصل کریں۔
پرمٹ کے بغیر حج پر جانا قانون شکنی تصور کی جاتی ہے ایسے افراد جو پرمٹ کے بغیر کسی بھی شخص کو ایام حج میں مکہ مکرمہ یا مشاعر لے جانے کی سہولت فراہم کرتا ہے اس پر10 ہزار ریال جرمانہ اور قید کی سزا ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں جو گاڑی غیر قانونی افراد کی منتقلی کے لیے استعمال کی جاتی ہے وہ بھی بحق سرکارضبط کرلی جاتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں