Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وقت ہے شادی کر لیں،‘ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان راہُل گاندھی سے مذاق

حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا اگلا اجلاس 10 سے 12 جولائی تک شملہ میں منعقد ہوگا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے بزرگ رہنما اور راشٹریا جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادیو نے کانگرس کے رہنما راہُل گاندھی کو شادی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
جمعے کو انڈیا کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی پریس کانفرنس اس وقت قہقہوں سے گونج اٹھی جب لالو پرساد یادیو نے کہا کہ راہُل گاندھی اپنی والدہ کی بات نہیں مانتے اور شادی بھی نہیں کرتے۔
حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں لالو پرساد یادیو نےکانگریسی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے تو آپ نے مشورہ مانا نہیں۔ شادی کر لینی چاہیے تھی اور ابھی بھی وقت ہے شادی کریں اور ہم باراتی بن کر چلیں گے۔‘
راہُل گاندھی نے لالو پرساد یادیو کو جواب دیا کہ ’آپ نے کہہ دیا تو اب (شادی) ہوجائے گی۔‘
لالو پرساد یادیو نے سونیا گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ممی آپ کی بولتی ہیں کہ یہ ہماری بات نہیں مانتا، آپ اس کی شادی کروائیں۔‘
واضح رہے انڈیا میں تقریباً 17 جماعتوں نے لوک سبھا الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 2024 کے انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دی جا سکے۔
حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا اگلا اجلاس 10 سے 12 جولائی تک شملہ میں منعقد ہوگا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس پریس کانفرنس کے دوران مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا کہ ’ہم سب متحد ہیں اور بی جے پی کے خلاف مل کر لڑیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بی جے پی تاریخ بدلنا چاہتی ہے لیکن ہم تاریخ کو بچائیں گے۔‘

شیئر: