Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارشوں سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے: شیری رحمان

2022 میں سندھ اور خیبر پختونخوا میں لوگ سیلاب کی وجہ بے گھر ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پ)
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ رواں ہفتے شدید بارشوں کی وجہ سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اتوار کو وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ٹویٹ کیا کہ آج سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، پنجاب، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
’شہریوں سے درخواست ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے  تیز ہواؤں اور بارشوں کے دوران کمزور انفرا سٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔‘
دوسری جانب محکمہ ریلیف اور آبادکاری خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ اس نے ( مون سون کنٹیجنسی پلان) جامع حکمت عملی بنا دی ہے جس کا مقصد آفات کے خطرات کو کم کرنا اور بروقت امداد فراہم کرنا ہے۔
پلان کے مطابق دس اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، سوات، ڈی آئی خان، ٹانک، چارسدہ، نوشہرہ، کوہستان اپر، شانگلہ اور دیر اپر کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
مون سون میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مشینری اور امدادی سامان فراہم کر دیا ہے۔
چھ دیگر اضلاع، مالاکنڈ، لوئر دیر، تور غر، کوہستان لوئر، کولائی پالاس کوہستان اور پشاور کو ہائی رسک کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی اورسطی پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمالی اور مشرقی بلوچستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پیر کو بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم بالائی اورسطی پنجاب، اسلام آباد ،خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمالی اور مشرقی بلوچستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔

شیئر: