Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ، ’گلگت اور خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خطرہ‘

2022 میں سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے بڑھنے کے باعث سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیر شیری رحمان نے ٹویٹ کیا کہ ’گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری بڑھنے کا امکان ہے۔‘
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس وجہ سے سیلاب اور گلیشیئل آؤٹ برسٹ فلڈ یعنی گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔
وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ ’آئندہ ہفتوں میں عیدالااضحٰی کے موقعے پر ضلعی انتظامیہ، مقامی تنظیمیں، کمیونٹیز چوکنا رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘
ان کا کہنا تھا قطب ریجن سے باہر پاکستان میں سب سے زیادہ گلیشیئرز واقع ہیں۔ گزشتہ برس پاکستان میں گلیشیئل آؤٹ برسٹ فلڈ کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔
پاکستان کی محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ 20 سے 24 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو گا۔
’جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب جبکہ میدانی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔‘
کشمیر اور گردو نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
جمعے کو بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شمالی مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گردو نواح میں آندھی  چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

شیئر: