کورونا کے بعد مکمل گنجائش کے ساتھ ’حج 2023‘
اتوار 25 جون 2023 18:33
ارسلان ہاشمی -اردو نیوز، مکہ
گزشتہ برس حجاج کی مجموعی تعداد 10 لاکھ تھی۔ (فوٹو:اردو نیوز )
حج 2023 کو اس لیے غیرمعمولی کہا جا رہا ہے کہ اس برس حجاج کی تعداد سال 2019 اور اس سے قبل کی مکمل گنجائش کے مطابق رکھی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج اوردیگر سکیورٹی اداروں کے اشتراک سے مرتب کیے جانے والے جامع منصوبے پرعمل کیا جا رہا ہے۔
کورونا وبا کے سبب عالمی سطح پرعائد احتیاطی تدابیر کے تحت سال 2020 میں سفر پرعائد بین الاقوامی پابندیوں کے باعث بیرون مملکت سے حجاج نہیں آئے، جبکہ سال 2021 میں بھی حج احتیاطی تدابیر کے ساتھ کیا گیا جس میں حجاج کی تعداد صرف 60 ہزار تھی۔
کورونا وبا کے تقریباً خاتمے کے اعلان کے ساتھ ہی سال 2022 میں حجاج کی مجموعی تعداد 10 لاکھ رہی جس میں بیرون مملکت سے آٹھ لاکھ 50 ہزار جبکہ ڈیڑھ لاکھ مقامی افراد جن میں سعودی شہری اوریہاں رہنے والے غیرملکی شامل تھے۔
اس سال حج 2023 کو اس لیے بھی استثنائی کہا جا رہا ہے کہ حجاج کی تعداد مشاعر مقدسہ کی مکمل گنجائش کے مطابق رکھی گئی ہے جس میں بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد تقریباً 17 لاکھ کے قریب ہے، جبکہ اندرون مملکت سے آنے والوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق تین لاکھ سے زائد ہے۔