مدینہ میں حج سیزن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل
آٹھ لاکھ 33 ہزار عازمین کو مرحلہ وار مکہ مکرمہ روانہ کیا گیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکام نے کہا ہے کہ مدینہ میں حج سیزن کا پہلہ مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔
مختلف ممالک سے بری اور فضائی راستوں سے براہ راست مدینہ آنے والے آٹھ لاکھ 33 ہزار عازمین کو مرحلہ وار مکہ روانہ کیا گیا۔
عاجل نیوز کے مطابق مدینہ گورنریٹ اور دیگر حکومتی اداروں نے مشترکہ طور پر عازمین حج کے استقبال سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے انہیں مکہ روانہ کرنے تک سہولتیں فراہم کیں۔
سنیچر 24 جون کو مدینہ سے عازمین کے آخری قافلے مکہ کے لیے روانہ ہوئے جس کے لیے ہجرہ روڈ پر بنے ہوئے حجاج استقبالیہ سینٹر میں گہما گہمی رہی۔
عازمین حج کی مکہ منتقلی کی کارروائی کی نگرانی وزارت حج کی جانب سے کی گئی تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے کے نگران مازن ثروت ک کہنا تھا کہ ہجرہ روڈ پر واقع ڈیپارچر سینٹر میں تمام امور پروگرام کے مطابق مکمل کیے گئے۔ عازمین کی بسوں کا فنی معائنہ کرنے کے بعد ہی انہیں روانہ کیا جاتا ہے۔
واضح رہے حج سیزن کا آغاز اسلامی ماہ ذوالقعدہ کے پہلے ہفتے سے ہوا۔ اس دوران متعدد ممالک سے عازمین کی براہ راست پروازیں مدینہ پہنچتی ہیں جبکہ بری راستوں سے بھی عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
حج سیزن میں مدینہ آنے والے عازمین حج آٹھ دن قیام کرتے ہیں بعدازاں مکہ روانہ ہو جاتے ہیں۔
جو عازمین براہ راست مدینہ آتے ہیں ان کی واپسی جدہ سے ہوتی ہے جبکہ حج کے بعد آنے والے حجاج کی واپسی مدینہ سے ہی کی جاتی ہے۔