پہلی اہلیہ کا انتقال بیٹی کی پیدائش کے دوران ہوا تھا: راج پال یادو کا انکشاف
پہلی اہلیہ کا انتقال بیٹی کی پیدائش کے دوران ہوا تھا: راج پال یادو کا انکشاف
اتوار 25 جون 2023 19:01
اداکار نے بتایا کہ اُن کی دوسری اہلیہ نے ان کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے۔ فائل فوٹو: ٹائمز ناؤ
بالی وُڈ اداکار راج پال یادو نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے وقت انتقال کر گئی تھیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق راج پال یادو کو بالی وُڈ میں اُن کے مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے تاہم اداکار نے اپنی زندگی میں دکھ بھرے حادثات بھی دیکھے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 20 سال کے تھے تو اُن کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہو گیا تھا۔
راج پال یادیو نے اپنے کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا انہوں نے کبھی مختصر سکرین ٹائم کے باعث کرداروں کو مسترد نہیں کیا۔
اپنی اہلیہ کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ’دی للن ٹاپ‘ کو بتایا کہ ’یہ اُس وقت کی بات ہے جب اگر کسی کی عمر 20 برس میں نوکری ہوتی تھی تو لوگ اس کو شادی کرنے کا کہتے تھے۔ لہذا میرے والد نے میری شادی کر دی، میری پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے دوران چل بسیں۔ مجھے اپنی اہلیہ سے بیٹی کی پیدائش سے اگلے دن ملنا تھا لیکن میں نے اگلے دن اس کی لاش کندھوں پر اٹھائی۔ لیکن میری فیملی اور میری سالی کا شکریہ جس کے باعث میری بیٹی کو کبھی نہیں محسوس ہوا کہ اس کی والدہ نہیں ہے۔ وہ بہت لاڈ سے پلی بڑھی ہے۔‘
اسی انٹرویو میں اداکار نے اپنی دوسری اہلیہ رادھا یادو کے بارے میں بات کی، جن سے انہوں نے 2003 میں شادی کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اُن کی دوسری اہلیہ نے ان کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے اپنی اہلیہ کو کبھی نہیں کہا کہ ساڑھی پہنو یا کچھ اور پہنو، جیسے میں اپنی والدہ سے بات کرتا ہوں، میری اہلیہ بھی اُن سے ایسے ہی بات کرتی ہے۔ اس نے ہماری زبان بھی سیکھ لی ہے۔ ایک مرتبہ ہم گاؤں گئے، میں نے اسے دیکھا کہ وہ منہ ڈھک کر بیٹھی ہے، کیونکہ گاؤں میں خواتین اسی طرح رہتی ہیں۔‘
اداکار مزید کہتے ہیں کہ ’جب وہ ہولی اور دیوالی کے دوران گاؤں جاتی ہے، کسی کو کوئی علم نہیں ہوتا کہ اسے پانچ زبانیں آتی ہیں۔ میرے استاد اور میرے والدین کے بعد اگر کسی نے مجھے سپورٹ کیا ہے تو وہ میری اہلیہ ہے۔ رادھا نے میری بیٹی کو بھی پالا ہے، وہ (بیٹی) ابھی لکھنؤ میں ہے، شادی شدہ ہے لیکن اس سب کا کریڈٹ میری فیملی اور اہلیہ کو جاتا ہے۔‘
خیال رہے راج پال یادو اپنے مداحوں کو کارتک آریان کی نئی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ اور ایوشمن کھرانا کی نئی فلم ’ڈریم گرل ٹو‘ میں نظر آئیں گے۔