Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2023: منی کی رونقیں عروج پر، حجاج کل وقوفِ عرفہ کریں گے

منیٰ کی عارضی خیمہ بستی مکمل طورپر حجاج سے آباد ہو چکی ہے۔ 8 ذوالحجہ کو سارا دن حجاج منی میں ہی قیام کریں گے جہاں وہ پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد کل بروز منگل 9 ذوالحجہ کو عرفات کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ جہاں لاکھوں فرزندان اسلام حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔
منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں دنیا بھر سے آنے والے حجاج کے قافلوں کی آمد 7 ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سے ہی شروع ہو گئی تھی جس کا سلسلہ 8 ذوالحجہ کی دوپہر تک جاری رہا۔

منیٰ میں انتظامات

وزارت حج کی جانب سے منی میں حجاج کی آمد ورفت کے لیے اس برس غیرمعمولی انتظامات  کیے گئے ہیں۔ منیٰ جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں کسی کو پرمٹ کے بغیر جانے کی اجازت نہیں۔
مشاعر مقدسہ (منی ، مزدلفہ اورعرفات) میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے بھی خصوصی پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔ جن گاڑیوں کومنی میں لے جانے کی اجازت دی گئی ہے،  ان میں حجاج کی بسوں کے علاوہ سرکاری اداروں کی گاڑیاں، کیٹرنگ سروسز، میڈیا اور حجاج کے لیے ضروری سامان منتقل کرنے والی گاڑیاں شامل ہیں۔
مشاعر مقدسہ میں کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے حجاج کرام کا کہنا ہے ’انتہائی شاندار انتظامات کیے گئے ہیں، تھوڑے تھوڑے فاصلے پرسکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو ہر قسم کی رہنمائی کر رہے ہیں۔‘

حجاج کا کہنا ہے کہ ، سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات مثالی ہیں(فوٹو، علی خمج )

منیٰ میں جمرات پل کے اطراف میں خصوصی انتظامات ہیں خاص طور پر پیدل چلنے کے لیے مخصوص سایہ دار راستہ۔ انتظامیہ کی جانب سے اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ پیدل چلنے والے راستوں کو ایک سمت میں ہی رکھا جائے۔ ماضی میں دو رویہ راستہ ہونے کی وجہ سے حجاج کو آمدورفت میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
حج ٹاسک فورس نے تمام راستوں پر بڑی تعداد میں خصوصی دستے تعینات کیے ہیں جو نہ صرف حجاج کی رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ راستوں کو کھلا رکھنے کے لیے کسی کو وہاں بیٹھنے کی اجازت نہیں۔

پانی کی پھوار

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اس برس مشاعر مقدسہ میں گرمی کافی زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ منیٰ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے حجاج کو دھوپ کی تمازت سے بچانے کے لیے خصوصی طور پر پانی کی پھوار کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
منیٰ کے تمام راستوں پر نصب خصوصی کھمبوں کے ذریعے پانی کی پھوار برسانے کے انتظام کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی بہتری محسوس ہو رہی ہے۔

پیدل چلنے والے سایہ دار  راستے کو یک طرفہ کیا گیا ہے(فوٹو، اردونیوز)

منیٰ میں جگہ، جگہ متعین سکیورٹی اہلکار حجاج کا خوش دلی سے استقبال کرتے ہوئے انکی رہنمائی کرتے ہیں۔ بیشتر اہلکاروں کے ہاتھوں میں پانی کی بوتلیں ہوتی ہیں جن کے ذریعے وہ گرمی سے پریشان حال حجاج پر پانی کی پھوار برساتے ہیں۔ یہ اہلکار منیٰ کی تمام سڑکوں پر موجود ہیں۔

شیئر: