Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال حجاج کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار رہی: سعودی وزیر حج

عازمین کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ’اس سال 2023 (1444 ہجری) میں 150 سے زیادہ ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عازمین کی منی سے میدان عرفات منتقلی کامیاب رہی اور صبح دس بجے تک تمام عازمین عرفات پہنچ چکے تھے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز  کے مطابق منگل کو میدان عرفات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ عازمین مناسک حج آسانی سے مکمل کریں اور بحفاظت ان کی واپسی ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ’وزات حج و عمرہ تمام اداروں اور فیلڈ ٹیموں کے تعاون سے حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے عازمین کو سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔ اس سال پہلی مرتبہ داخلی عازمین کو الیکڑانک بکنگ اور قسطوں میں ادائیگی کی سہولت دی گی۔‘
انہوں نے حجاج کو بہترین ممکنہ خدمات فراہمی میں مدد پر سعودی قیادت، چالیس سے زیادہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کی دیگر کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں نے حجاج کی امن، سکون اور اچھی صحت کے ساتھ نقل وحرکت میں سہولت فراہم کی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’وزارت نے گزشتہ حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی آئندہ حج کی تیاری شروع کردی تھی‘۔

وزیر حج کا کہنا تھا کہ ہم نے سمارٹ کارڈز کے استعمال کو بھی بڑھایا ہے( فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ’ ہم نے ایک ٹاسک منیجمنٹ سینٹر قائم کیا ہے۔ اس کا بنیادی کام تمام شریک ایجنسیوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے سمارٹ کارڈز کے استعمال کو بھی بڑھایا ہے جس سے حجاج کو یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ انہیں کون سی خدامت فراہم کی جاتی ہیں۔ ان کے کیمپوں تک پہنچنے اور مقامات تلاش کرنے میں بھی ان کی مدد کی جاتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ جدید ٹیکنالوجی حج کے دوران عازمین کے لیے ایک موثر ڈیوائس ثابت ہورہی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ ٹیکنالوجی میں یہ ترقی قینی طور پر ہمیں بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد دے سکتی ہے اور عازمین کے تجربے کو بھی بہتر بنا سکتی ہے‘۔

شیئر: