Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاسپورٹ اور اقامے کی ایکسپائری قریب، خروج نہائی لگ سکتا ہے؟

پاسپورٹ کی ایکسپائری کم از کم 60 دن ہونا ضروری ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا’میرے پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 25 دن باقی ہیں، مستقل طورپرپاکستان جانا ہے اگرپاسپورٹ تجدید کراتا ہوں تو اس میں کم از کم دوہفتے لگیں گے۔ اقامہ کی مدت بھی ختم ہونے کے قریب ہوجائے گی۔ کفیل کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی مدت کم ہونے کی وجہ سے خروج نہائی نہیں لگایاجاسکتا؟‘۔ 
 سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’وہ تارکین جو خروج نہائی پرجاتے ہیں امیگریشن قانون کے مطابق ان کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم از کم 60 دن ہونا ضروری ہے‘۔ 
خروج نہائی لگائے جانے کے بعد اقامہ ہولڈر کے پاس 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران ان کا مملکت میں قیام قانونی شمار ہوتا ہے تاہم یہ لازمی ہے کہ مذکورہ 60 روز ختم ہونے سے قبل وہ مملکت سے روانہ ہوجائیں۔ 
 مدت ختم ہونے پرسفرنہ کرنے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جس کے بعد دوبارہ خروج نہائی حاصل کرکے ہی سفر کیاجاسکتا ہے۔ 
واضح رہے امیگریشن ضوابط کے مطابق جوازات کے خود کارسسٹم کے تحت غیرملکی اقامہ ہولڈر کے پاسپورٹ میں 60 دن سے کم ہونے کی صورت میں فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔ 
خروج نہائی لگانے سے قبل اقامہ بھی کارآمد ہونا ضروری ہوتا ہے خواہ اس کی مدت میں ایک ہفتہ ہی کیوں نہ باقی ہو۔ خروج نہائی ویزہ جاری ہونے کے بعد سسٹم میں کارکن کا اقامہ عارضی طورپرسیز ہوتا ہے کینسل نہیں۔ 

پاسپورٹ میں 60 دن سے کم ہونے کی صورت میں فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا (فوٹو: ایس پی اے)

اقامہ ہولڈر کی فائل اس وقت بند کردی جاتی ہے جب وہ اپنے ملک روانہ ہوجاتا ہے ۔ ہوائی اڈے یا بری سرحدی چوکی پرموجود امیگریشن کاونٹر سے ایگزٹ کرنے کے بعد ہی جوازات کے مرکزی سسٹم میں اقامہ ہولڈر کی فائل کلوز کی جاتی ہے اس سے قبل اسے عارضی طورپرسیز کیاجاتا ہے۔ 
خیال رہے ہنگامی حالت میں سفر کرنے کے لیے اگرپاسپورٹ کی ایکسپائری کم ہواس صورت میں سفارتخانے یا قونصلیٹ سے پاسپورٹ کی مدت میں عارضی طورپراضافہ کیاجاسکتا ہے جس کے بعد جوازات کے سسٹم میں پاسپورٹ کی تاریخ میں اضافہ کا اندراج کرانے کے بعد فائنل ایگزٹ حاصل کیاجاسکتا ہے۔ 
 پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 25 دن باقی ہیں اس حوالے سے کفیل کا کہنا درست ہے۔ اس صورت میں خروج نہائی ویزہ نہیں لگایا جاسکتا اس کےلیے لازمی ہے کہ یا تو پاسپورٹ کی تجدید کی جائے یا اس کی ایکسپائری میں عارضی طورپراضافہ کرکے اس کا اندراج محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے سسٹم میں درج کرایا جائے۔ 
پاسپورٹ کی مدت میں عارضی طورپراضافہ کرنے کی صورت میں وقت کا مسئلہ ختم ہوجائے گا جس کے بعد خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔ 

شیئر: