لاکھوں حجاج کی مرحلہ وار واپسی، بعد از حج امیگریشن پروگرام کا جائزہ
حج 2023 کامیابی سے مکمل ہونے پر واپسی کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے ڈائریکٹرجنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان الیحی نے جدہ حج ٹرمنل کا دورہ کیا اور بعداز حج امیگریشن پروگرام کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈائریکٹرجنرل جوازات نے حج ٹرمنل پرفراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے وہاں متعین اسٹاف کوہدایت کی کہ حجاج کی واپسی کے لیے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں گے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ مناسک حج کے احتتام پر منی کی عارضی بستی ویران ہوگئی۔ حجاج اب وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔
حجاج کےچہروں پر فریضہ حج کی ادائیگی پر خوشی کے ساتھ مکہ مکرمہ کوالوداع کہنے پر اداسی کے آثار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
حج 2023 کامیابی سے مکمل ہونے پر حجاج کی اپنے وطن واپسی کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت لاکھوں حجاج کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔
وہ حجاج جن کی آمد جدہ کے حج ٹرمنل پرہوئی تھی ان کی روانگی مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے ہوگی جبکہ قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی واپسی جدہ حج ٹرمنل کے ذریعے کی جائے گی۔
مدینہ منورہ اورجدہ کے علاوہ طائف ایئرپورٹ پربھی حج کاونٹرز کھول دیے گئے ہیں جہاں سے مرحلہ وار حجاج کی واپسی عمل میں لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں داخلی معلمین کی رابطہ کونسل کے ماتحت حجاج کی تنظیم کے ڈائریکٹر انجینیئر صالح العزانی نے کہا کہ’ اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں نے جمعے اور سنیچر کو الوداعی طواف کرلیا‘۔
اخبار 24 کے مطابق انہوں نے کہا ’مقررہ پروگرام کے مطابق داخلی حجاج کدی اور امیر متعب پارکنگ لاٹس میں پہنچ گئے تھے جہاں سے انہیں الوداعی طواف کے لیے مسجد الحرام لایا گیا جس کے بعد انہیں مملکت کے مختلف علاقوں اور شہروں کے لیے روانہ کردیا گیا‘۔