پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت میں آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر پھنس گئے
پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت میں آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر پھنس گئے
پیر 3 جولائی 2023 17:39
کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت سر کرنے کی مہم پر ہیں (فائل فوٹو: فیس بک، دا ٹریکرز کلب)
پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پرپت کی چوٹی سر کرنے کے مہم کے دوران لگ بھگ آٹھ ہزار میٹر بلندی پر پھنس گئے ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل کرار حیدری نے پیر کو اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’آصف بھٹی آٹھ ہزار میٹر بلندی پر سنو بلائنڈنیس (یعنی برف کی وجہ سے دکھائی نہ دینے کے مسئلے) کا شکار ہو گئے ہیں۔
کرار حیدری کے بقول ’آصف بھٹی کو ریسکیو کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مقامی افراد سے بھی تعاون لیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آصف بھٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا علم ان کے رابطہ کرنے سے ہی ہوا۔‘
نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے جسے سر کرتے ہوئے ماضی میں ایک ہسپانوی کوہ پیما موت کا شکار بھی ہو گیا تھا۔
ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کے علاوہ چند دیگر پاکستانی کوہ پیما اس سے قبل نانگاپربت کی چوٹی سر کر چکے ہیں۔
پیر کو الپائن کلب کی جانب سے ایک الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پر سنو بلائنڈنیس کی وجہ سے پھنس گئے ہیں۔ انہیں مدد کی ضرورت ہے۔‘