Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان امریکہ میں فلم کے سیٹ پر زخمی، ’سرجری ہو گی‘

شاہ رخ خان کو لاس اینجلس میں فلم کے سیٹ پر چوٹ لگی جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان امریکی شہر لاس اینجلس میں فلم کے سیٹ پر زخمی ہو گئے۔
برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ نے منگل کے روز خبر دی کہ شاہ رخ خان کو لاس اینجلس میں فلم کے سیٹ پر چوٹ لگی جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔
57 سالہ بالی وُڈ کنگ کو اُن کے آنے والے پروجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران ناک پر چوٹ لگی جس کے بعد ان کا خون بہنا شروع ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی ناک سے خون بہنے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔
میگاسٹار کی ٹیم کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ خطرے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں اور کنگ خان کے خون کے بہاؤ کو روکنے کے لیے چھوٹی سرجری کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان سرجری کے بعد واپس انڈیا آگئے ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔
رواں برس شاہ رخ خان نے چار سال کے وقفے کے بعد اپنی فلم ’پٹھان‘ ریلیز کی تھی جس نے باکس آفس پر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
پٹھان کے بعد رواں برس کنگ خان کی مزید دو فلمیں ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ ریلیز کی جائیں گی۔
فلم جوان کا ٹریلر ہالی وُڈ کے اداکار ٹام کروز کی فلم ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کے ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم میں شاہ رخ خان ڈبل رول ادا کریں گے جبکہ اُن کے ساتھ نائنتھرا، وجے سیتھوپاتھی، ثانیہ ملہوترا، پرِیا مانی اور سنیل گروور بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ایٹلی کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’جوان‘ 7 ستمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: