بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر کب ریلیز ہو گا؟
فلم ’جوان‘ کا ٹریلر ہالی وُڈ کے سپرسٹار ٹام کروز کی فلم کی ریلیز کے ساتھ جاری کیا جائے گا (فوٹو: کوئی موئی)
بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ نے انڈیا سمیت دنیا بھر کے باکس آفس پر تاریخی کاروبار کیا تھا جس کے بعد اُن کی 2023 میں ہی آنے والی مزید دو فلموں کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے۔
پٹھان کے بعد شاہ رخ خان کی ایک اور فلم ’جوان‘ بھی رواں سال ستمبر میں ریلیز ہونے کو تیار ہے۔
جوان کا ابھی تک ٹیزر ریلیز کیا گیا ہے جس کے بعد کنگ خان کے مداحوں کو اب اُن کی جھلک ٹریلر کی صورت میں دیکھنے کو ملے گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ جوان کے میکرز نے فلم کے ٹریلر کو ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور کنگ خان کی اِس فلم کا ٹریلر ہالی وُڈ کے سپرسٹار ٹام کروز کی آنے والی فلم ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کی ریلیز کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
فلم جوان کے میکرز کے بیان سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ فلم کا ٹریلر ’مشن امپوسیبل ڈیڈ ریکیننگ پارٹ ون‘ کے تھیٹر پرنٹ کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔
ٹام کروز کی فلم 12 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب ویب سائٹ ’پِنک وِلا‘ کے صحافی ہمیش منکڈ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خبر کو بریک کیا کہ مشن امپوسیبل ڈیڈ رینکیننگ کے ساتھ جوان کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جائے گا جس کے بعد فلم کے گانے ریلیز کیے جائیں گے، جبکہ اگست میں فلم کا دوسرا ٹریلر ریلیز ہو گا۔
اگر فلم ’جوان‘ کی بات کی جائے تو اُس میں شاہ رخ خان ڈبل رول ادا کر رہے ہیں۔ اِس سے قبل کنگ خان ’ڈپلیکیٹ‘، ’پہیلی‘، ’ڈان‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ میں ڈبل رول کر چکے ہیں۔
جوان میں بالی وُڈ کے بادشاہ کے ساتھ جنوبی انڈیا کے اداکار وجے سیوتھپاتھی، نائنتھرا، پریا مانی، ثانیہ ملہوترا اور سنیل گرووَر بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ایٹلی کمار کی ہدایتکاری میں بننے والی ’جوان‘ 7 ستمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔