امریکہ میں کتے کے ساتھ واک پر جانے والی خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک
امریکہ میں کتے کے ساتھ واک پر جانے والی خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک
بدھ 5 جولائی 2023 20:47
یہ گذشتہ ایک برس کے دوران امریکہ میں مگرمچھ کے حملے سے ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
امریکہ میں اپنے پالتو کتے کے ساتھ واک پر جانے والی خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک ہوگئیں۔
امریکہ کی نیوز ویب سائٹ ’سی بی ایس نیوز‘ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح ریاست ساؤتھ کیرولینا میں کتے کے ساتھ واک پر جانے والی خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک ہوئیں۔
یہ گذشتہ ایک برس کے دوران امریکہ میں مگرمچھ کے حملے سے ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔
بیوفورٹ کاؤنٹی کے شیرف آفس کو منگل کے صبح ہلٹن ہیڈ آئی لینڈ کے علاقے میں واقع گالف کورس کے نزدیک ایک لگون میں ممکنہ طور پر مگرمچھ کے حملے کی اطلاع ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ لگون کے قریب ایک 69 برس کی خاتون ملی جو کہ بے ہوش تھیں۔
شیرف آفس کا کہنا ہے کہ ’خاتون کو بچانے کی کوشش کی گئی اور وہاں ایک مگرمچھ آیا جو کہ خاتون کو بچانے کی کوششوں میں خلل ڈال رہا تھا۔‘
’اس جگہ سے مگرمچھ کو محفوظ طریقے سے بھگایا گیا اور خاتون کی لاش کو قبضے میں لیا گیا۔‘
شیرف آفس کی ترجمان نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ خاتون اپنے کتے کے ساتھ واک کر رہی تھیں جب اُن پر مگرمچھ نے حملہ کیا۔ اس حملے میں کتا محفوظ رہا۔
بیوفورٹ کاؤنٹی کرونر آفس کی جانب سے ہلاک ہونے والی خاتون کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ساؤتھ کیرولینا کے قدرتی وسائل کے محکمے نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس واقعے کا افسران اور ماہرین حیاتیات جائزہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ سال 15 اگست کو بیوفورٹ کاؤنٹی میں بھی مگرمچھ کے حملے میں ایک خاتون کی جان چلی گئی تھی۔
کئی برسوں سے ایک وقت تک ساؤتھ کیرولینا میں مگرمچھ کے جان لیوا حملوں کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔
سنہ 2020 میں حکام نے ایک مگرمچھ کو تب گولی ماری جب اس نے کیوا آئی لینڈ پر 58 برس کی خاتون پر جان لیوا حملہ کیا تھا۔
اسی طرح 2016 میں 90 برس کی خاتون چارلسٹن میں واقعے نرسنگ ہوم سے باہر آتے ہوئے مگرمچھ کے حملے کا شکار ہوگئی تھیں۔
سنہ 2018 میں بھی کتے کے ساتھ واک پر جانے والی خاتون کو مگرمچھ نے ہلٹن ہیڈ آئی لینڈ حملہ کر کے مار دیا تھا۔