Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر خارجہ کی نا وابستہ تحریک کے اجلاس میں شرکت

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وفد نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والے ناوابستہ تحریک کے اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ نے اجلاس سے خطاب کے دوران سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ پر سعودی عرب کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’قرآن کی بے حرمتی کا یہ واقعہ ایسے وقت میں کیا گیا جبکہ دنیا بھر کے مسلمان عید الاضحی کی نماز ادا کررہے تھے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ بار بار اس قسم کے گھناؤنے واقعات کسی بھی عنوان سے برداشت نہیں کیے جاسکتے۔ اس طرح کے واقعات نفرت، نسلی تفریق اور مسلمانوں کو دیوار سے لگانے پر بھڑکانے کے لیے کیے جارہے ہیں‘۔

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوشیشیں کرنا ہوں گی (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر نے کہا کہ’ یہ واقعات بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں۔ اقوام و ممالک کے درمیان احترام باہمی کے رشتے کو سبوتاژ کرنے، انتہا پسندی کو ترک کرنے اور اعتدال و میانہ روی کی اقدار کو عام کرنے والی بین الاقوامی کوششوں سے بھی متصادم ہیں‘۔ 
سعودی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’مملکت کی ناوابستہ تحریک میں بانی ممبر کی حیثیت سے شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ منصفانہ مسائل کے حوالے سے ناوابستہ تحریک کے مثبت کردارکے قائل ہیں‘۔ 
انجینیئر ولید الخریجی نے کہا کہ’ سعودی عرب دنیا بھر میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو ضروری سمجھتا ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ’ اقوام عالم کے سامنے نمایاں چیلنج موسمیاتی تبدیلی ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے مکمل بین الاقوامی کوشیشیں کرنا ہوں گی‘۔
انہوں نے کہا کہ’ گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انشیٹو اسی مقصد کے لیے ہیں۔ سعودی عرب اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ شجرکاری کا علاقہ بارہ گنا بڑھ جائے۔ 50 ارب درخت لگانے کا پروگرام مکمل ہونے پر دنیا بھر میں کاربن دس فیصد کم ہوجائے گی‘ 

شیئر: