Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی، کوئٹہ میں مسیحی برادری کا احتجاج

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسیحی برادری نے احتجاج کیا ہے۔
کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے سویڈن کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت پادری سائمن بشیر کر رہے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پادری سائمن اور دیگر مقررین نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ اشتعال انگیزی مبنی ہے جسے قبول نہیں کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فعل سے نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے کو بھی شدید صدمہ پہنچا ہے۔
مظاہرین نے قرآن پاک کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شرمناک قرار دیا اور کہا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ مذہبی شخصیات اور علامات کی توہین کا لائسنس مل گیا ہے۔ ’دوسروں کے مذہبی جذبات اور مقدسات کا احترام رکھنا بھی لازمی ہے۔‘
مسیحی برادری کے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سویڈن حکومت واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
انہوں نے یورپی یونین سے بھی مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدمات اٹھانے پر زور دیا۔
پاکستان میں جمعے کو حکومت کی جانب سے اعلان پر یوم تقدس قرآن منایا جا رہا ہے۔

شیئر: