سعودی کلب الھلال کا پرتگالی فٹبال سٹار سے 55 ملین یورو کا معاہدہ
معاہدہ 2026- 2025 کے سیزن کے اختتام تک ہے (فوٹو: ٹوئٹر الھلال فٹبال کلب)
سعودی فٹبال کلب الھلال نے پرتگال کے فٹبال سٹار روبن نیفیز کی خدمات حاصل کی ہیں۔
پرتگالی فٹبال سٹار کے ساتھ الھلال کا معاہدہ دنیا کے سو مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔
الاقتصادیہ نے کھلاڑیوں کی مارکیٹ ویلیو اور ایک کلب سے دوسرے کلب میں ٹرانسفر کی اطلاعات کی ماہر ویب سائٹ ’ٹرانسفر مارکیٹ‘ کے حوالے سے بتایا کہ پرتگالی فٹبالر کو الھلال کلب نے برطانیہ کے کلب وولور ہیمپٹن سے حاصل کیا ہے۔ یہ مہنگا ترین معاہدہ ہے۔
الھلال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد بن سعد نافل نے پیرس میں معاہدے پر دستخط کیے۔
الھلال کلب کا کہنا ہے کہ’ 55 ملین یورو (225.1 ملین ریال) کا معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدہ 23 جون سے نافذ العمل ہے اور 2026- 2025 کے سیزن کے اختتام تک ہے‘۔
برطانوی کلب کے ساتھ الھلال کا معاہدہ تاریخ کے 250 مہنگے ترین معاہدوں میں 90 واں ہے۔
عرب دنیا کے حوالے سے الجزائری فٹبالر محرز لیسٹر سٹی سے برطانیہ کے مانچسٹر سٹی کلب میں ٹرانسفر کو 2019-2018 کے سیزن میں عرب دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی کا ٹرانسفر مانا جاتا ہے۔
یہ معاہدہ 67.80 ملین یورو (277.4 ملین ریال) میں ہوا تھا۔