جہلم میں گیس سلنڈر دھماکے سے ہوٹل کی عمارت گر گئی، 6 ہلاک
اتوار 9 جولائی 2023 14:01
ریسکیو آپریشن کے دوران ہوٹل کے ملبے سے 10 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔ فوٹو: جہلم پولیس فیس بک
صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں جی ٹی روڈ پر واقع ایک تین منزلہ ہوٹل کی عمارت گیس سلنڈر دھماکے سے زمین بوس ہونے کے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام نےعمارت گرنے سے اب تک چھ افراد کے ہلاک جبکہ 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اتوار کی دوپہر ہونے والے دھماکے کے بعد ریسکیو کی کارروائیاں شروع کی گئیں اور امدادی کارروائی کی نگرانی کرنے والے جہلم کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ناصر باجوہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ملبے سے پانچ لاشیں جبکہ 10 زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سعید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہوٹل کے بیسمنٹ میں کچھ لوگ موجود ہو سکتے ہیں جن کو نکالنے کے لیے کوشش جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ہوٹل کے ملبے کی پہلی اور دوسری منزل کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ملبے کو ہٹانے کا کام شروع کیا اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ سے بھی مشینری اور امداد طلب کی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ملبے سے زخمی حالت میں نکالے گئے ہوٹل کے باورچی نے بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا وہ پراٹھے بنا رہے تھے۔
حکام کے مطابق دھماکہ بیسمنٹ میں گیس سلنڈر کی دکان میں ہوا۔