تھریڈز نے ریکارڈ توڑ ڈالے، پانچ دنوں میں 10 کروڑ صارفین
ٹوئٹر نے تھریڈز کی لانچ پر میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر کے مقابلے میں لانچ ہونے والی نئی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز کے پانچ دنوں میں دس کروڑ سبسکرائبرز ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میٹا کی تھریڈز ایپ پچھلے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے سب سے کم عرصے میں سب سے یادہ صارفین حاصل کرنے والی ایپ بن گئی ہے۔
چیٹ جی پی ٹی کو دس کروڑ صارفین بنانے میں دو ماہ کا عرصہ لگا تھا، ٹک ٹاک کو نو ماہ، جبکہ انسٹاگرام کو ڈھائی سال لگے تھے۔
گزشتہ ہفتے امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی رات کو تھریڈز ایپ ایک سو ممالک میں ایپل اور انڈروئیڈ سٹورز میں لانچ کی گئی تھی جبکہ ڈیٹا پرائیویسی کے باعث فی الحال یورپ میں لانچ نہیں کی گئی۔
ٹوئٹر کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 20 کروڑ کے قریب ہے لیکن اس کے سربراہ ایلون مسک کی جانب سے متعارف ہونے والی پالیسیوں کے باعث اکثر صارفین کسی متبادل پلیٹ فارم کی تلاش میں ہیں۔
تھریڈز کی ایپ کو انسٹاگرام کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے صارفین کی تعداد کے حوالے سے اُن چیلنجز کا سامنا نہیں ہے جو کسی بھی نئی ایپ کو درپیش ہو سکتا ہے۔
انسٹاگرام استعمال کرنے والے 2 ارب سے زائد صارفین کو تھریڈز تک آسان رسائی حاصل ہے جس سے اس نئی ایپ کے فالورز کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے امید ظاہر کی ہے کہ تھریڈز ایک ارب صارفین کے اکاؤنٹس کا ٹارگٹ مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کو نئی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز لانچ کرنے پر دھمکی آمیز خط بھیجا ہے جس میں اس کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
ٹوئٹر کے وکیل ایلکس سپیرو کی جانب سے بھیجے گئے خط میں میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ٹوئٹر کے سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں جو کمپنی کی خفیہ معلومات اور تجارتی راز رکھتے تھے اور ابھی بھی رکھتے ہیں۔
ایلون مسک نے اسی حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’مسابقت جائز ہے لیکن دھوکہ دہی ٹھیک نہیں۔‘