ہیروئن کے غیرملکی سمگلر کو 20 برس قید، اپیل مسترد
مجرم نے ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اپیل کورٹ نے ہیروئن کے غیرملکی سمگلر کے خلاف 20 برس قید اور جرمانے کے ابتدائی عدالتی فیصلے کی تائید کردی۔
فوجداری عدالت نے 3.5 کلوگرام ہیروئن سمگل کرنے پرغیرملکی کے خلاف 20 برس قید اورجرمانے کا ابتدائی حکم جاری کیا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق جدہ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پرایک غیرملکی کے قبضے سے ساڑھے تین کلوگرام ہیروئن برآمد ہونے پر منشیات اسمگل کرنے کا مقدمہ دائرکیا گیا تھا۔
ملزم کے خلاف تمام ثبوتوں اوراقراری بیان پرفوجداری عدالت نے 20 برس قید اور2 لاکھ ریال جرمانے کی ادائیگی کا حکم سنایا ۔
فوجداری عدالت کے ابتدائی فیصلے میں مزید کہا گیا تھا کہ 20 برس قید کی مدت پوری کرنے اورجرمانے کی ادائیگی کے بعد مجرم کو مملکت سے بے دخل کردیا جائے۔
ابتدائی فیصلے کے خلاف مجرم نے اپیل کورٹ سے رجوع کیا جہاں جرم کی سنگینی کودیکھتے ہوئے سابقہ فیصلے کوبرقرار رکھا گیا۔