شپمنٹ کو ماارات سے یورپی ملک بھیجا جا رہا تھا( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات میں پولیس نے ابوظبی میں جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے تعاون سے 1.5 ٹن ہیروئن سمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سٹاف پائلٹ فارس خلف المزروئی نے بتایا کہ ’ایک مشکوک شپمنٹ کا پتہ لگایا گیا جو ایک پڑوسی ملک سے خلیفہ پورٹ پر پہنچی تھی۔ اس شپمنٹ کو آگے یورپی ملک بھیجا جا رہا تھا‘۔
’ اینٹی ڈرگ سیکشن اور جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی مشترکہ ٹیم نے مشکوک شپمنٹ کا معائنہ کیا ۔منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ہیروئن کی بڑی کھیپ برآمد کرلی جس کی مالیت 150 ملین درہم بنتی ہے‘۔
ابوظبی پولیس کے کمانڈر انچیف نے بتایا کہ ’منشیات کی سمگلنگ روکنے اور اس سلسلے میں استعمال کیے جانے والے جدید طریقوں سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی محکموں کے تعاون کی ضرورت ہے‘۔