مسلم لیگ ن پنجاب میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے ہر حلقے سے انتخاب لڑے گی: رانا ثنا اللہ
جمعہ 14 جولائی 2023 12:56
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’آج سے ن لیگ پنجاب انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کررہی ہے‘ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کے وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے پنجاب میں صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت آئندہ عام انتخابات میں صوبے کے ہر حلقے میں اپنا امیدوار میدان میں اُتارے گی۔
جمعے کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب کے ہر صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔
ن لیگ کے صوبائی صدر کے اس بیان سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ حکمران اتحاد میں شامل بڑی جماعت اپنے گڑھ سمجھے جانے والے صوبے میں اگلے الیکشن میں پوری طاقت سے اُترنے کی تیاری کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’آج سے مسلم لیگ ن پنجاب باقاعدہ طور پر انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کررہی ہے اور اس سلسلے میں پنجاب کی تنظیم کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں مسلم لیگ ن پنجاب میں بھرپور انتخابی عمل میں شامل ہونا، تمام صوبائی و قومی حلقوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اُتارنا شامل ہے۔‘
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے وننگ امیدواروں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ محدود سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔‘
ان کے بقول شہباز شریف کی حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکال لیا ہے۔ ’ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک کو ترقی پر گامزن، مہنگائی کا خاتمہ، عوام کی مشکلات میں کمی، آمدن میں اضافے پر کام کریں گے۔‘
وزیر داخلہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’انتقامی سیاست میں جھوٹے مقدمات بنائے گئے، گرفتاریاں کی گئیں۔ اس انتقام نے ملکی ترقی کو روکے رکھا جس کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا۔‘
مسلم لیگ ن کے پنجاب میں صدر رانا ثنااللہ نے عزم ظاہر کیا کہ ’ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہر طرح کے بحرانی حالات میں پہلے کی طرح نکل کر دکھائیں گے۔ ’ہم امید کرتے ہیں کہ اس بار نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو گی اور ملک ترقی کے سفر پر چلتا رہے گا۔‘