Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گرم اور خطرناک ہفتہ‘، امریکہ اور یورپ میں ہیٹ ویو کے نئے ریکارڈ

سسلی اور سارڈینیا کے جزیرے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کر سکتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس وقت شدید ترین گرم موسم سے متاثر ہیں۔ امریکہ میں زیادہ درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں جبکہ یورپ اور جاپان میں بھی سخت گرمی پڑ رہی ہے جس کو گلوبل وارمنگ کے تازہ ترین خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے قومی محکمہ موسمیات نے ’انتہائی گرم اور خطرناک ویک اینڈ‘ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیلیفورنیا سے ٹیکساس تک کا خطہ نہایت طاقتور ہیٹ ویو کے زیرِ اثر رہے گا۔
محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے دس سے 20 درجے تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
ایریزونا کی ریاست کو سب سے زیادہ متاثرہ خطہ قرار دیا گیا ہے جہاں شہری دن کے وقت سورج کی گرم شعاعوں سے بچنے کی کوشش میں ہوتے ہیں اور معمولات زندگی پر فرق پڑا ہے۔
ریاست کے دارالحکومت فونکس میں مسلسل دس دن تک درجہ حرارت 43 ڈگری رہا جو سنیچر کو 44 تک چلا گیا اور اگلے دنوں میں بڑھ کر کر 47 ڈگری تک پہنچنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
کیلیفورنیا میں ’موت کی وادی‘ کے نام سے مشہور علاقہ جس کو دنیا کے گرم ترین خطوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے، وہاں بھی درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ قائم ہونے کی پیش گوئی ہے جو 54 ڈگری ہو سکتا ہے۔

 یورپ میں گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہونے کی پیش گوئی

یورپ میں اٹلی کو اختتامِ ہفتہ تاریخی گرم درجہ حرارت کی پیش گوئی کا سامنا ہے۔ وزارت صحت نے روم، بولوگنا اور فلورنس سمیت 16 شہروں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
موسمی مرکز نے اطالوی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ ’موسم گرما کی سب سے شدید گرمی کی لہر اور اب تک کی سب سے سخت گرمی‘ کے لیے تیار رہیں۔

اٹلی، یونان اور سپین سب سے زیادہ گرمی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

روم میں پیر تک تھرمامیٹر کے 40 ڈگری سیلسیس اور منگل کو 43 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو اگست 2007 میں قائم 40.5 سینٹی گریڈ کے ریکارڈ کو توڑ دے گا۔
سسلی اور سارڈینیا کے جزیرے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کر سکتے ہیں۔ یورپی خلائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ یہ ’ممکنہ طور پر یورپ میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت ہو گا۔‘
ایتھنز ایکروپولس، یونان میں سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش مقامات میں سے ایک ہے، اتوار کو مسلسل تیسرے دن سخت اور گرم ترین اوقات میں کر دیا جائے گا۔
فرانس میں بلند درجہ حرارت اور اس کے نتیجے میں خشک سالی کاشتکاری کی صنعت کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
اس دوران وزیر زراعت مارک فیسنیو کو موسمیاتی ماہرین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے جنہوں نے ’موسم گرما بڑی حد تک نارمل‘ کا بیان دیا تھا۔
قومی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق یہ جون فرانس میں ریکارڈ پر دوسرا گرم ترین مہینہ تھا اور ملک کے کئی علاقے منگل سے ہیٹ ویو الرٹ کی زد میں ہیں۔
سپین کے لیے بہت کم وقت بچا ہے کیونکہ اس کی موسمیاتی ایجنسی نے سنیچر کو خبردار کیا تھا کہ پیر سے بدھ تک ایک نئی ہیٹ ویو کینری جزائر اور جنوبی اندلس کے علاقے میں درجہ حرارت کو 40 ڈگری سے اوپر لے جائے گی۔

شیئر: