موسم گرما میں وہ 5 غلطیاں جو گاڑی کے ایئرکنڈیشنر کو متاثر کرتی ہیں
موسم گرما میں وہ 5 غلطیاں جو گاڑی کے ایئرکنڈیشنر کو متاثر کرتی ہیں
ہفتہ 15 جولائی 2023 19:56
گاڑی کا انجن سٹارٹ کرتے ہی ایئرکنڈیشنر بھی آن کر دینا قطعی طور پر غلط ہے (فائل فوٹو: وِکی میڈیا)
موسم گرما کے دوران گاڑی کا ایئرکنڈیشنر کا استعمال لازمی ہو جاتا ہے خاص طور پر ان ممالک میں جہاں کا درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر زیادہ ہوتا ہے۔
خلیجی ممالک میں جہاں گرمی کی شدت انتہائی حد کو بھی عبور کر جاتی ہے، ایسی صورت حال میں گاڑی میں بغیر ایئرکنڈیشنر کے گزارا ممکن نہیں ہوتا۔
گاڑی میں ایئرکنڈیشننگ یونٹ کا ہونا ایک لازمی امر ہے خواہ وہ سرد ممالک ہوں یا گرم، دونوں صورتوں میں آج کل گاڑی میں ایئرکنڈیشننگ سسٹم کا ہونا ضروری ہے۔
بعض افراد گاڑی کے ایئرکنڈیشنر کو غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں جس سے اس یونٹ کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور اس سے موسم گرما میں سفر کے دوران مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غلط استعمال کیا ہے؟
1۔ یونٹ میں نصب ’آٹو‘ سسٹم کو بعض افراد آن نہیں کرتے جس کی وجہ سے گاڑی کے اندرونی کیبن میں ہوا خودکار طریقے سے ری سائیکل نہیں ہو پاتی اور شیشیوں پر دُھند چھا جاتی ہے جس کی وجہ سے کمپریسر کا خودکار نظام فعال نہیں ہو پاتا۔ 2۔ ایئرکنڈیشنر کی ڈکٹ ونڈو یکساں رکھنا:
گاڑی کے ایئرکنڈیشننگ یونٹ میں ہوا کی تھرو کے لیے بنائی گئی ڈکٹ فنس کو ایک ہی مقام پر فکس کر دینا غلط ہے۔
اس طرح ہوا ایک ہی مقام پر مستقل ٹکراتی رہتی ہے اور گاڑی کے دوسرے حصوں تک سرد ہوا نہیں پہنچ پاتی جس سے ہوا کی سرکولیشن متاثر ہوتی ہے اور گاڑی جلدی ٹھنڈی نہیں ہو پاتی۔ 3 ۔ گاڑی سٹارٹ کرتے ہی ایئرکنڈیشنر آن کرنا:
عام طور پر لوگ جیسے ہی گاڑی میں سوار ہوتے ہیں وہ انجن سٹارٹ کرتے ہی ایئرکنڈیشنر بھی آن کر دیتے ہیں جو قطعی طور پر غلط ہے۔
ایسا کرنے سے گاڑی کے اندر کی گرم ہوا ری سائیکل ہونے کا موقعہ نہیں ملتا اور گرم ہوا گاڑی کے اندر ہی رہتی ہے جس کی وجہ سے گاڑی کے ایئرکنڈیشننگ یونٹ پر کافی دباؤ پڑتا ہے۔
آپ کو چاہیے کہ گاڑی میں بیٹھنے کے فوری بعد کھڑکیاں کھول دیں تاکہ تازہ ہوا کا گزر ہو سکے اس کے تھوڑی دیر بعد ایئرکنڈیشنر آن کیا جائے۔
گاڑی کے ایئرکنڈیشنر کا فلٹر خراب ہو جائے تو اسے تبدیل کرنا ضروری ہوتا ہے (فائل فوٹو: فِری پَک)
ایئرکنڈیشنر آن کرنے کے تھوڑی دیر بعد کھڑکیوں کو بند کریں، اس دوران گرم ہوا گاڑی سے نکل جائے گی اور ٹھنڈی ہوا گاڑی میں سرکولیٹ کرے گی جس سے یونٹ پر دباؤ بھی کم پڑے گا۔ 4۔ باقاعدگی سے دیکھ بھال نہ کرنا:
جس طرح گاڑی کے دیگر پُرزوں اور انجن کی مسلسل دیکھ بھال اور مینٹیننس کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح ایئرکنڈیشنر کی بھی مستقل انداز میں دیکھ بھال لازمی ہے۔
گاڑی کے ایئرکنڈیشنر کو بہتر رکھنے کے لیے اس کی مینٹیننس کرائی جائے خاص طور پر سسٹم کے فلٹر کو باقاعدگی سے صاف کرانے کا خاص اہتمام کریں، اگر فلٹر خراب ہو جائے تو اسے تبدیل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ 5۔ کُھلے شیشے:
بعض افراد ایئرکنڈیشنر آن کرنے کے ساتھ ہی گاڑی کے شیشے تھوڑے کھلے رکھتے ہیں خاص کر صبح کے وقت جو ایک غلط رجحان ہے۔ اس عمل سے گاڑی کے اندر کی ہوا مرحلہ وار گرم ہونے لگتی ہے اور ایئرکنڈیشن سسٹم پر کافی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
خیال رکھیں کہ گاڑی کے کمپریسر میں خودکار سسٹم موجود ہے جو کمپریسر کو ہر تھوڑی دیر بعد بند کردیتا ہے، اگر مستقل طور پر کمپریسر چلتا رہے تو اس کے خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔