Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کوئی جنت مرزا کو بتائے،‘ عمران خان کے ٹِک ٹاک پر فالوورز کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹِک ٹاک پر بھی اکاؤنٹ بنا دیا گیا ہے جہاں انہیں ایک دن میں فالو کرنے والوں کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا ٹِک ٹاک اکاؤنٹ پیر کو بنایا گیا تھا جہاں اب تک صرف ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس پر ویوز کی تعداد 107 ملین سے زیادہ ہے۔
ان کی جانب سے صرف ایک اکاؤنٹ کو فالو کیا جا رہا ہے جو کہ ان کی اپنی پارٹی کا اکاؤنٹ ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کے ٹِک ٹاک اکاؤنٹ کی تشہیر پارٹی کے دیگر اکاؤنٹس پر بھی کی گئی تھی اور ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم کی ٹِک ٹاک پر آمد موضوع گفتگو ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’اگر کوئی عمران خان کا ٹِک ٹاک پر آنے کا مذاق اُڑا رہا ہے تو اس کے ثمرات بھی آنے والے دنوں میں دیکھ لیجیے گا۔ پاکستان کے 90 فیصد سوشل میڈیا صارفین ٹِک ٹاک استعمال کرتے ہیں۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف جھکاؤ رکھنے والے صارف نے مزید لکھا کہ ’مسلم لیگ ن تو آج تک فیس بُک اور ٹوئٹر پر بھی کوئی ڈھنگ کا کام نہیں کر سکی۔ وہ (عمران خان) ایک ماہ کے اندر ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ مشہور سیاست دان ہوگا۔‘
صارفین کی بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو عمران خان کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر آنے کے بعد ہلکا پھلکا طنز بھی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
مقدس فاروق نامی صارف نے لکھا کہ ’کوئی جنت مرزا کو بتائے عمران خان ٹِک ٹاک پر آرہے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’عمران خان کا قوم سے خطاب یوٹیوب کے ساتھ اب ٹِک ٹاک پر بھی لائیو چلا کرے گا۔‘
رضوان رضی نے طنزاً لکھا کہ ’جناب عمران احمد خان نیازی نے ٹِک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ اب آپ انہیں کون سے ڈائیلاگ یا نغمے پر لِپ سنگنگ کرتے ہوئے دیکھنا چاہیں گے؟‘
اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’چیئرمین عمران خان ٹِک ٹاک ان نوجوانوں سے رابطے کے لیے جوائن کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں اپنی سیاسی سمجھداری سے متاثر کیا۔‘

شیئر: