سعودی عرب اور ترکیہ میں توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
منگل 18 جولائی 2023 20:42
ہائیڈروجن کے شعبے میں تعاون کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر کی موجودگی میں وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور ترکیہ کے ہم منصب نے توانائی کے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹرز کی کمپنیاں اس حوالے سے ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔
تعاون کی یادداشت کے تحت دونوں ملک تیل اور گیس کے منصوبوں میں تکنیکی تعاون کریں گے۔ تیل مصنوعات کی تیاری، مارکیٹنگ، تقسیم اور کاروبار کے مشترکہ پروگرام کریں گے۔ دونوں ملک پیٹروکیمیل کی پیداوار میں بھی تعاون کی پالیسی اپنائیں گے۔
دونوں ملک تجدد پذیر توانائی میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دریافت کرنے کی کوشش کریں گے۔ بجلی نظام سے مربوط کرنے، بجلی برآمد اور درآمد کرنے کے منصوبے بھی نافذ کیے جائیں گے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ہائیڈروجن کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دونوں ملک کاربن سرکلر اکانومی کے شعبے میں بھی تعاون کریں گے۔ انرجی سپلائی چین کے سلسلے میں بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل تبدیلی کا فروغ بھی باہمی تعاون کا حصہ ہوگا۔